جلاؤ گھیراؤ کیس: عمر ایوب، سیمابیہ طاہر کی ضمانتیں منظور

Published On 25 March,2024 03:53 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب اور سیمابیہ طاہر کی ضمانتیں منظور کرلی ہیں۔

دونوں ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت اے ٹی سی کے جج اعجاز آصف نے کی اور دونوں کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں ضمانتیں منظور کیں۔

یاد رہے کہ 18 مارچ کو لاہور کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 5 مقدمات میں 20 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

اس سے قبل 15 مارچ کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمرایوب کی عبوری ضمانت میں 16 اپریل تک توسیع کر دی تھی۔