لاپتہ شہریوں کی بازیابی کیس: عدالت نے پیشرفت سے متعلق رپورٹ طلب کرلی

Published On 26 March,2024 11:57 am

کراچی : (دنیانیوز) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کیس سے متعلق پیشرفت بارے تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کرلی۔

سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ افراد کی درخواستوں کی سماعت جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی، عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق کیا پیش رفت ہوئی؟ ۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہریوں کی بازیابی کے لئے ملک بھر کے مختلف حراستی مراکز اور دیگر ایجنسیوں کو خطوط ارسال کیے ہیں، متعدد جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس بھی ہوچکے ہیں لیکن اب تک شہریوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

دوران سماعت پولیس نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر علی بہادر، بہادرآباد اور انار گل سرجانی ٹاؤن سے لاپتہ ہے، ارسلان الدین شریف آباد اور دیگر شہری کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہیں،شہریوں کی بازیابی کے لئے بھر پور کوشش کی جارہی ہے۔

عدالت نے شہریوں کی تصاویر پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر شائع کرنے کی ہدایت کردی ، عدالت کی جانب سے شہریوں کی ٹریول ہسٹری حاصل کر کے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواستوں کی سماعت 25 اپریل تک ملتوی کردی۔
 

Advertisement