کے پی میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج

Published On 30 March,2024 03:37 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف نہ لینے پر سینیٹ کے انتخابات ملتوی کرنے کے معاملے پر اعظم سواتی پشاور ہائیکورٹ پہنچ گئے۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے وکیل علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنا غیرقانونی ہے، الیکشن کمیشن نے سینیٹ امیدواروں کو سنے بغیر فیصلہ جاری کردیا، الیکشن کمیشن نے جن کو سنا وہ ابھی منتخب ہوئے، حلف بھی نہیں لیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار اعظم سواتی سینیٹ امیدوار ہیں ان کو نہیں سنا گیا، الیکشن کمیشن کے فیصلے سے سینیٹ کا انتخابی عمل متاثر ہوگا اور سینیٹ انتخابات کو بروقت یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف نہ لینے پر سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

Advertisement