ملک بھر میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ عقیدت و احترام سے منایا گیا

Published On 01 April,2024 09:27 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت آج ملک بھر میں 21 رمضان یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

یوم علی کرم اللہ وجہہ کی مناسبت سے ملک بھر میں مجالس برپا کی گئیں اور جلوس بھی نکالے گئے۔

اسلام آباد میں گزشتہ شب یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ زینبیہ سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اثنا عشری پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جبکہ راولپنڈی اور پشاور میں بھی یوم علی کرم اللہ وجہہ کے جلوس ختم ہو گئے۔

لاہور جلوس
لاہور میں یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوا، اس حوالے سے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کیے گئے تھے۔

سکیورٹی اور ٹریفک پلان

جلوس کے شرکا کی سکیورٹی تین درجات میں کی گئی، شرکا کو صرف واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز سے جلوس میں شامل ہونے کی اجازت تھی، سی سی ٹی وی کیمروں سے تمام راستوں کی مانیٹرنگ کی جاتی رہی۔

مرکزی جلوس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کی گاڑیوں کیلئے 08 پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے تھے۔

دہلی دروازہ، اڈا کراؤن پلازہ، موچی دروازہ باغ کے پوائنٹس پارکنگ کے لئے مختص کئے گئے ہیں، ڈی پلازہ نزد رنگ محل اور سینٹرل ماڈل ہائی سکول کو بھی پارکنگ کے لئے مختص کیا گیا ہے۔

اسی طرح داتا دربار آئی ہسپتال، ڈپٹی کمشنر آفس کی پارکنگ اور گریٹر اقبال پارک میں بھی جلوس میں شرکت کے لئے آنے والوں کی گاڑیاں پارک کی گئیں۔

ماتمی جلوس کے گرد و پیش میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے چارڈی ایس پیز، 118 انسپکٹرز اور 696 وارڈنز ڈیوٹی پر موجود رہے جبکہ 10 فوک لفٹرز اور 02 بریک ڈاؤن بھی موقع پر موجود تھے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق آزادی فلائی اوور سے تمام ٹریفک کو ریلوے سٹیشن کی جانب بھجوایا گیا جبکہ کچہری چوک اور آزادی فلائی اوور سے کربلا گامے شاہ کی جانب راستہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہی۔

کچہری چوک سے تمام ٹریفک کو آؤٹ فال روڈ، سگیاں اور رنگ روڈ کی طرف موڑا گیا جبکہ سرکلر روڈ کی طرف سے آنے والی ٹریفک کو شاہ عالم چوک سے میو ہسپتال کی جانب اردو بازار بھجوایا گیا۔

علاوہ ازیں موری گیٹ سے بھاٹی چوک کی طرف جانے والی سڑک مکمل طور پر بند رہی، پانی والا تالاب کی جانب سے رنگ محل کی جانب آنے والی سڑک بھی عام ٹریفک کیلئے بند  رہی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق میلاد چوک سے اندرون دہلی گیٹ، مسجد وزیر خان کی طرف جانے والی سڑک بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہی۔

کراچی

ادھر کراچی میں یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا جلوس دوپہر ایک بجے برآمد ہوا، جلوس ایم اے جناح روڈ، ریگل چوک، پریڈی سٹریٹ سے گزر کر شام 7 بجے حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔

ٹریفک پلان

جلوس کے اوقات میں ٹریفک کو گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں تھی۔

ناظم آباد سے آنے والی ٹریفک لسبیلہ چوک سے نشترروڈ، لیاقت آباد کی ٹریفک کو تین ہٹی چوک سے جیل روڈ کی طرف موڑا گیا، سٹیڈیم روڈ سے آنے والی ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ، شاہراہ پاکستان کی ٹریفک کو لیاقت آباد نمبر 10 سے ناظم آباد جانے کی اجازت تھی۔

مرکزی جلوس سے قبل ضمیر الحسن ٹرسٹ کے زیر اہتمام مرکزی مجلس کا انعقاد ہوا جس سے علامہ ریحان حیدر رضوی نے خطاب کیا، مجلس کے بعد جلوس، علم و تابوت و ذوالجناح برآمد ہوئے، جلوس کی قیادت بوتراب سکاؤٹس نے کی۔

فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ

شرکا جلوس کے ہمراہ محفل شاہ خراساں سے نمائش چورنگی پہنچے، نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر ادا کی گئی جس کے بعد فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

مظاہرے کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جلوس کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔