الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کردیئے

Published On 02 April,2024 10:54 am

پشاور : (دنیانیوز) الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کی درخواست پر خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کردیئے، اس حوالے سے حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

 پارلیمنٹ کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کی 30 خالی نشستوں پر انتخابات کیلئے قومی، پنجاب، اور سندھ اسمبلی میں پولنگ جاری ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں صورتحال اگر مگر کا شکار تھی ۔

خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت صبح 9 بجے سینٹ انتخابات کے لیے پولنگ شروع نہ ہوسکی جبکہ سینٹ انتخابات کے لیے انتظامات مکمل تھے اور الیکشن عملہ بھی موجود تھا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کیلئے درخواست جمع کرائی تھی ۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

انتخابات ملتوی کروانے کی درخواست اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نے صوبائی الیکشن کمشنر کے پاس جمع کرائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا، لہذا الیکشن ملتوی کیا جائے۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کرلیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی صوبائی اسمبلی پہنچ گئے تھے جہاں انہوں نے سینیٹ انتخابات سے متعلق ارکان سے مشاورت کی۔

الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کی درخواست پر انتخابات ملتوی کردیئے۔

سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق حکمنامہ جاری

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق حکمنامہ جاری کردیا ہے ، دو صفحات پر مشتمل حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کیلئے الیکٹورل کالجز نامکمل ہے، سپیکرخیبرپختونخوااسمبلی نے نوٹیفائیڈ اراکین سے حلف نہیں لیا اور اراکین کے حلف کے لئے کوئی انتظامات نہیں کیے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کے حلف سے مشروط کرچکا ہے۔

Advertisement