حکومت کا مدت پوری کرنا ملک وقوم کی بہتری کیلئے ضروری ہے: شافع حسین

Published On 12 April,2024 12:26 pm

گجرات: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صنعت و پیداوار اور مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکرٹری چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ حکومت کا مدت پوری کرنا ملک وقوم کی بہتری کیلئے ضروری ہے۔

گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ مونس الہٰی کی خواہش کے مطابق ہی سیاست اپنی اپنی ہو رہی ہے، ظہور الہٰی خاندان کی مضبوطی اسی میں ہے کہ انا کے بجائے اکٹھے ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم مافیا کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا تاکہ کسانوں کا حق نہ مارا جا سکے، گندم کی امپورٹ رکوائیں گے تبھی کسانوں کو صحیح قیمت ملے گی، وفاق کی پالیسی کے مطابق موٹروے کے قریب انڈسٹریل زون بنے گا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بجلی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ملکی معیشت پر بُرا اثر پڑا، مہنگی بجلی کا حل انڈسٹری کی سولر پر منتقلی ہے، کوشش ہے کہ پاکستان میں سولر پینل فیکٹریاں لگائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے حالات درست کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، لاہور کے تین ٹیوٹا کالجز کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق اپ گریڈ کریں گے، بیرون ملک نوجوانوں کی نوکریوں کیلئے انہیں فنی تعلیم دلوائیں گے، جاپان، سعودی عرب کیساتھ پڑھے لکھے نوجوانوں کی ملازمت کے حصول کیلئے جلد معاملات طے ہونگے۔