وزیر اعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

Published On 13 April,2024 09:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کا استقبال کیا، وزیراعظم نے عید کے موقع پر پاکستان آنے پر شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے اسلام کے حقیقی امیج کو فروغ دینے کیلئے ڈاکٹر العیسیٰ کی گراں قدر خدمات کو سراہا اور مسلم امہ کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے میں مسلم ورلڈ لیگ کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔

وزیراعظم نے شاہ سلمان کی صحت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے مضبوط برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

اس موقع پر شہباز شریف نے مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ حمایت اور شراکت داری جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل نے پاک سعودیہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے وزیراعظم کی کوششوں کی تعریف کی، ڈاکٹر العیسیٰ نے حالیہ کامیاب دورہ سعودی عرب پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی۔

یاد رہے کہ شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ 7 سے 15 اپریل تک پاکستان کے دورے پر ہیں۔

Advertisement