ہماری امت کا بچہ بچہ چاہتا ہے فلسطینیوں کیلئے لڑیں، حکمران رکاوٹ ہیں: حافظ نعیم الرحمان

Published On 20 April,2024 11:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہماری امت کا بچہ بچہ چاہتا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے لیے لڑیں، ہمارے حکمران ہمارے راستے میں رکاوٹ ہیں۔

ایوان اقبال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطینی روزانہ بمباری کا مقابلہ کرتے ہیں، ہم نوجوانوں، بچوں، بہنوں اور ماؤں سلام پیش کرتے ہیں، 78 لاکھ مسلم آرمی ہمارے پاس ہے لیکن فلسطینیوں پر بمباری ہو رہی ہے۔

حافط نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطین کے عوام حق کی خاطر جدوجہد کر رہے ہیں، غزہ میں 40 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، پاکستان میں معدنیات اور سمندر ہیں، پاکستان میں 25 کروڑ غیرت مند لوگ ہیں، پاکستان کا 65 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہم اسرائیل کو کبھی میں تسلیم نہیں کریں گے، کبھی اسرائیل کونہیں مانیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کے پاس اچھی افواج موجود ہیں، مسلم ملکوں کے حکمرانوں اورافواج کو بلائیں اور سمٹ کرائے جائیں، اگر پاکستان نے یہ کیا تو اسرائیل حماس کے مطابق جنگ بندی کرے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جو فلسطین میں بچے اور جوان زخمی ہیں ان کو پاکستان لایا جائے، جماعت اسلامی زخمیوں کی دیکھ بھال کرے گی، جماعت اسلامی کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل کو شکست دے دی، اسرائیل حماس کا مقابلہ نہیں کر سکتا ہے، وہ صرف بچوں اور عام شہریوں کو مار رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل اسرائیل نہیں رہے گا، اسرائیل تباہ ہو جائے گا، 23 لاکھ لوگ قربانیاں دے رہے ہیں اور حماس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حماس کو امریکا دہشت گرد کہتا ہے لیکن امریکا خود دہشت گرد ہے، دنیا میں سب بڑا دہشت گرد ملک امریکا اور اسرائیل ہے۔