ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

Published On 22 April,2024 03:12 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی آج سے 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر 24 اپریل تک پاکستان میں قیام کریں گے، ایرانی صدر کے ساتھ وفد میں وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے جبکہ دورہ پاکستان کے موقع پر ایک بڑا تجارتی وفد بھی ساتھ آئے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دورے کے دوران ایرانی صدر پاکستانی ہم منصب، وزیر اعظم، چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے، ایرانی صدر کی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

ایران کے صدر کل بروز منگل 23 اپریل کو کراچی پہنچیں گے اس موقع پر کمشنر کراچی نے شہر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق شہر قائد میں تمام نجی، سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 22 اپریل سے 24 اپریل تک اسلام آباد، لاہور اور کراچی دورہ کریں گے، کراچی میں ایرانی صدر کی وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سے ملاقاتیں ہوں گی، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے۔