وزیراعظم سے ایرانی صدر کی ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

Published On 22 April,2024 11:51 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے تین روزہ دورے پر پہنچنے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ون آن ون ملاقات ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان نیک خواہشات کا تبادلہ بھی ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے بعد آپ دورہ پاکستان کرنے والے پہلے سربراہ مملکت ہیں، مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آپ کے اس دورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔

ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔

گارڈ آف آنر پیش
قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس آمد پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے وفاقی کابینہ کے اراکین کا تعارف کروایا جس کے بعد ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں ارتھ ڈے کی مناسب سے پودا بھی لگایا اور دعا کی۔

وزیر خارجہ سے ملاقات

ایرانی صدر ابراہیم ریئسی نے وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاک ایران تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستان آمد

قبل ازیں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اہلیہ اور اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے، وفد میں ایرانی وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان، اعلیٰ حکام اور تاجر بھی شامل ہیں۔

پاکستان پہنچنے پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے کیا۔

ملاقاتیں شیڈول

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستانی ہم منصب صدر آصف علی زرداری سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

‎ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملیں گے جبکہ لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق ‎ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، عوام سے عوام سمیت باہمی رابطوں، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔

ایرانی صدر کے دورے کے موقع پر علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے علاوہ دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کیلئے دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ایرانی صدر کا پاکستان کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان میں عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

سکیورٹی پلان

صدر ابراہیم رئیسی کی پاکستان آمد کے موقع پر خصوصی سکیورٹی پلان مرتب دیا گیا ہے، اس سے پہلے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں سکیورٹی امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا تھا۔