پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں کثیر تعداد میں شرکت پر عوام کو خراج تحسین

Published On 27 April,2024 05:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں کثیر تعداد میں شرکت پر عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر لبیک کہنے پر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عوام نے باہر نکل کر ثابت کر دیا کہ وہ اپنے مینڈیٹ کی توہین ہرگز برداشت نہیں کریں گے، گزشتہ روز پرامن شہریوں کے خلاف طاقت اور فسطائیت کا مکروہ کھیل کھیلا گیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مسترد شدہ مافیا کی جانب سے پرامن احتجاج کا حق سلب کرنے کی کوششیں قابل مذمت ہیں، ملک بھر میں پرامن کارکنوں کو بدترین انتقامی کارروائیوں اور پولیس کی غنڈہ گردی کا نشانہ بنایا گیا، عوام بدترین ریاستی جبر کے باوجود حقیقی آزادی کے حصول کی جدوجہد سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم دستور اور جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھیں گے، قوم بانی پی ٹی آئی کی ناحق قید سے رہائی تک کسی صورت چین سے نہیں بیٹھے گی۔
 

Advertisement