سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ بھی کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

Last Updated On 04 July,2018 06:33 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) فٹبال ورلڈکپ 2018 کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے آخری میچ میں انگلینڈ کی فتح، سنسنی خیز میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹس پر ہوا، کولمبیا بہترین کارکردگی کے باوجود ہار گیا۔

ماسکو کے سپارٹک سٹیڈیم میں ورلڈکپ کا آخری پری کوارٹر فائنل مقابلہ کھیلا گیا، فٹبال جیسے جوشیلے اور بھڑکیلے کھیل میں انگلینڈ اور کولمبیا کے پری کوارٹر فائنل میچ سے بڑھ کر سنسنی خیزی کم ہی دیکھی گئی ہو گی۔ کولمبین سٹار نے آخری منٹ نہیں بلکہ آخری سیکنڈ میں گول کر کے سکور ایک ایک سے برابر کیا۔ مقررہ وقت پلس انجری ٹائم کے سیکنڈ لاسٹ منٹ تک انگلینڈ فاتح تھا۔ آخری منٹ کے ختم ہوتے سیکنڈ میں کولمبیا کے "یری مِنا" کے ہیڈر گول نے بازی ہی پلٹ دی۔ اضافی ٹائم میں کوئی گول نہ ہوا، پنلٹی شو آؤٹ کا فیصلہ تیکھی شارٹس لگانے اور پھر روکنے میں کولمبین آگے رہے لیکن پھر بھی انگلینڈ نے فتح حاصل کر لی۔

انگلش ٹیم کی 22 سال بعد کسی بڑے ایونٹ میں شوٹ آؤٹس پر تاریخ ساز کامیابی کا خوب جشن منایا گیا۔ اس سے قبل سویڈن نے سوئٹزرلینڈ کو ایک صفر سے ہرایا۔ 66ویں منٹ میں سویڈن کے ایمل فورزبرگ کا واحد گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔ سویڈش ٹیم نے 24 سال بعد ورلڈکپ کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔