فٹبال ورلڈ کپ :پہلا سیمی فائنل آج کھیلا جائے گا

Last Updated On 10 July,2018 03:47 pm

ماسکو (دنیا نیوز ) فٹبال ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل میدان آج فرانس اور بیلجیئم کے درمیان لگے گا، کس کا پتا کٹے گا اور کسے ٹائٹل مقابلے کا ٹکٹ ملے گا سب پتا چلے گا۔ اس سے قبل تھری ڈی اینی میٹڈ میچ میں فرنچ ٹیم کی فتح کی پیشگوئی بھی کر دی گئی ہے۔

ماضی میں چیمپئن بننے اور رنر اپ رہنے سے نفسیاتی برتری حاصل ہے۔ روس میں سجے فٹبال میلے کی رونقیں دوبالا ہوگئیں، آج فرانس اور بیلجئیم کے درمیان پہلا سیمی فائنل مقابلہ رات گیارہ بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں میں فائنل تک رسائی کا جوڑ پڑے گا۔ سب پرستاروں کی نظریں کلاک پر ہیں اور ان کا انتظار شدید ہوچکا ہے۔

کھلاڑی ہی نہیں پرستار بھی بے قرار نظر آ رہے ہیں۔ ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں، کس نے کس کو قابو کرنا ہے، کون کس پہ نظر رکھے گا سب فائنل ہوچکا ہے۔ ایڈن ہیزرڈ اور انڈر نائنٹین کائلیان بیپے کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

ورلڈکپ انیس سو چھیاسی میں تیسری پوزیشن کے میچ میں فرانس کو فتح ہوئی۔ انیس سو اٹھانوے کے چیمپئن اور دو ہزار چھ کے رنر اپ فرانس کو نفسیاتی برتری حاصل ہے، اور تو اور میڈیا پر وائرل ہونے والی تھری ڈی اینی میٹڈ میچ میں بھی فرانس ہی کی فتح کی پیشگوئی کی گئی ہے، یہ سب اپنی جگہ مگر بیلجئم بھی تاریخ رقم کرنے کے لیے پُرجوش ہے۔