مستعفی نہیں ہوا، شہباز سینئر، صدر پی ایچ ایف کا نئے سیکرٹری کا اعلان‌

Last Updated On 06 May,2019 12:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ہاکی فیڈریشن میں عہدوں کے کھیل میں نیا موڑ سامنے آ گیا، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز سینئر کا کہنا ہے کہ استعفیٰ نہیں دیا، انھوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں‌ کہا کہ بیانات چلوائے گئے. دوسری جانب صدر ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل کے عہدے پر نئی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے آصف باجوہ کا نام سامنے لے آئے.

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے استعفے کی کہانی عجیب رخ اختیار کر گئی، شہباز سینئر نے اپنے مستعفی ہونے کی تردید کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ اہم نہیں، حیران ہوں، میں نے تو استعفیٰ نہیں دیا۔

شہباز سینئر کا مزید کہنا تھا کہ لوگ چاہتے ہیں فیڈریشن کیلئے کام نہ کروں تو نہیں کرونگا، پیپلز پارٹی دور کے آصف باجوہ کو ہاکی فیڈریشن کا نیا سیکرٹری بنا دیا گیا۔ آصف باجوہ کے دور میں قومی ٹیم پہلی بار ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔ انھوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ استعفے کے بیانات چلوائے گئے۔

یاد رہے اس سے قبل خبر آئی تھی کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہبازسینئر نے استعفی دے دیا ہے جسے صدر فیڈریشن نے قبول کر لیا ہے۔ صرف یہی نہیں صدر ہاکی فیڈریشن پاکستان خالد کھوکھر کا بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ شہباز سینئر مکمل وقت نہیں دے پا رہے تھے۔ انھوں نے شہباز سینئر کی جگہ سابق اولمپئن آصف باجوہ کی سیکرٹری کے عہدے پر تقرری کا اعلان بھی کیا تھا۔