لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی باکسر محمد وسیم نے میکسیکن باکسر گینگان لوپز کو پچھاڑ کر ورلڈ رینکنگ فائٹ جیت لی۔
تفصیلات کے مطابق محمد وسیم نے میکسیکو کے گینگان لوپز کو سنسنی خیز میچ کے بعد آؤٹ کلاس کر دیا۔ پاکستانی باکسر 8 راؤنڈز میں حریف باکسر پر حاوی رہے۔ انہوں نے سپر فلائی ویٹ کیٹیگری میں ٹائٹل اپنے نام کیا۔
باکسر محمد وسیم نے میکسیکو کے کینگین لوپز کو شکست دے کر گیارہویں فائٹ میں 10ویں کامیابی حاصل کی ہے۔ 8 راؤنڈز پر مشتمل میچ میں محمد وسیم کو 75 کے مقابلے میں 77 پوائنٹس سے فتح ملی۔ باکسر محمد وسیم کے حریف تین مرتبہ ڈبلیو بی سی لائٹ فلائی ویٹ کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں۔
میچ کے دوران برطانوی نژاد پاکستانی باکسر محمد عامر نے بھی شرکت کی اور پاکستانی باکسر کا حوصلہ بڑھایا۔
یاد رہے کہ 14 ستمبر کو باکسر محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیتی تھی، محمد وسیم نے فلپائنی باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا تھا۔
خیال رہے کہ دبئی میں پروفیشنل باؤٹ جیتنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے باکسر محمد وسیم کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ باکسر محمد وسیم نے فائٹ کے لیے سکاٹ لینڈ میں بھرپور تیاریاں کی تھیں، تیاریوں کے دوران سکاٹ لینڈ کے سر سبز پہاڑوں پر سائیکلنگ چلانے میں مصروف رہے۔
پاکستانی سپر سٹار کا کہنا تھا کہ سائیکل چلانے سے گھٹنے اور ٹانگیں مضبوط ہوتی ہیں، ورلڈ باکسنگ کونسل کا ورلڈ ٹائٹل بھی جیتنے کے لئے پر عزم ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستانی باکسر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستانی باکسر کا کہنا تھا کہ اس سے بہتر کوئی احساسات نہیں ہو سکتے کہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کروں۔
سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں اپنے ملک کا پرچم ہمیشہ بلند کرتا رہوں گا۔ انشاء اللہ۔