آسٹریلیا میں آتشزدگی، سرینا ولیمز بھی امدادای مہم میں سامنے آ گئیں

Last Updated On 10 January,2020 08:17 pm

کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں خوفناک آتشزدگی کے باعث جہاں پر مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے وہیں پر ایک افسوسناک خبر بھی سامنے آئی ہے، اس آتشزدگی کے باعث ملک بھر میں خوف کی صورتحال ہے، عالمی اداروں کے مطابق اب تک ایک ارب جانور ہلاک ہو چکے ہیں یا متاثر ہوئے ہیں، ان جانوروں میں کوالا، کینگروز سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔ اسی حوالے سے عالمی سطح پر شین وارن، شاہد آفریدی نے امدادی مہم شروع کی ہوئی ہے، اس امدادی مہم میں نامور ٹینس سٹار اور امریکا کی سابق عالمی نمبر ون سرینا ولیمز بھی سامنے آ گئی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا میں آتشزدگی پر قابو پانے میں مصروف رضاکاروں کیلئے امریکہ کی نامور ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے رواں سال کے پہلے ٹورنامنٹ میں دستخط شدہ لباس عطیہ کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم آسٹریلیا کے جنگلات میں بھڑکنے والی آگ سے پیدا شدہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے فائر فائٹرز کے فنڈز میں استعمال کی جائے گی۔

23 بار کی گرینڈ سلام چیمپئن سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں میرے بہت سے دوست چاروں طرف سے افسوسناک صورتحال میں گھرے ہوئے ہیں، میں روزانہ ان سے پوچھتی رہتی ہوں کہ میں ان کیلئے کیا کرسکتی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کا آسٹریلیا میں آگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان فراہم کرنیکا اعلان

اس سے قبل مشکل صورتحال میں پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی سمیت آسٹریلین کرکٹرز بھی متاثرین کی مدد کے لیے سامنے آ گئے ہیں جبکہ دنیا بھر کے دیگر کرکٹرز نے بھی آسٹریلیا میں آتشزدگی کے متاثرین کی مدد کی اپیل کی ہے۔

اس سے قبل جارح مزاج آسٹریلین اوپننگ بلے باز کرس لن نے کہا تھا کہ وہ بگ بیش لیگ میں اپنے ہر چھکے کے عوض 250 ڈالر عطیہ کریں گے جس پر گلین میکسویل اور ڈی آرسی شارٹ نے بھی ان کے اس اقدام کی پیروی کا اعلان کیا تھا۔

اسی طرح اسپنر فواد احمد نے ہر چھکے اور وکٹ کے عوض 250 ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ ایڈم زامپا نے دورہ بھارت میں ہر وکٹ کے عوض 200 ڈالر بطور فنڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔