آئندہ سال جاپان کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کا بے تابی سے منتظر ہوں، اعصام الحق قریشی

Published On 30 December,2020 05:57 pm

اسلام آباد: (اے پی پی) پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی نے کہا ہے کہ آئندہ سال 2020ء کے مقابلے میں بہتر ہوگا۔ میں آئندہ سال مارچ میں جاپان کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کا بے تابی سے منتظر ہوں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنے والا سال گزرنے والے سال سے بہتر ہوگا۔ مجھے یقین ہے کہ 2020ء کے مقابلے میں 2021ء بہتر ہوگا اور نئے سال میں انسانیت اور امن کا پیغام دنیا بھر میں پھیلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ‏آنے والے سال میں بھی ان کی کوشش ہوگی کہ وہ ملک کا نام روشن کریں۔ آنے والے برس میں دوستی بڑھے گی اور لوگ ایک دوسرے کی قدر کرنا سیکھیں گے۔‏

اعصام الحق نے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ 2021ء میں زندگی ایک مرتبہ پھر نارمل ہوگی اور جو لوگ کورونا وائرس جیسی عالمگیر وبا سے متاثر ہوئے، وہ اس سے مکمل صحت یاب ہوں گے اور اپنی نارمل زندگی کی طرف آئیں گے۔

ٹینس سٹار کا کہنا تھا کہ انہیں مارچ میں جاپان کے خلاف ہونے والی ڈیوس کپ ٹائی کا انتظار ہے، اس سے پاکستان ٹینس کو بہت فائدہ ہو گا۔ خیال رہے کہ ‏اعصام الحق گزشتہ کئی برسوں کی طرح اس برس بھی عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت بنے لیکن سال کے آخر میں پاؤں میں انجری کے باعث ملکی ٹورنامنٹس میں ایکشن میں دکھائی نہ دے سکے۔

ایک سوال کے جواب میں اعصام الحق نے کہا کہ میں اب فٹ ہو ں اور دوبارہ تربیت شروع کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں آئندہ سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جو 8فروری 2021میں آسٹریلیا میں شیڈول ہے میں بھرپور شرکت کروں گا۔