میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز کا ٹائٹل جینک سنر کے نام

Published On 01 April,2024 12:39 pm

فلوریڈا: (ویب ڈیسک ) اٹلی کے نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ جینک سنر نے اے ٹی پی میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا، 22 سالہ اطالوی ٹینس سٹار نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں بلغاریہ کے گریگور دیمتروف کو شکست دے کر رواں سالہ کا تیسرا اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے امریکا میں جاری ہیں۔

آج (پیر) کو میامی گارڈنز، فلوریڈا اور امریکا کے ہارڈ راک سٹیڈیم میں کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں اطالوی ٹینس سٹار جینک سنر نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بلغاریہ کے حریف کھلاڑی گریگور دیمتروف کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 1-6سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔

22 سالہ آسٹریلین اوپن چیمپئن جینک سنر اس سے قبل امریکا میں کھیلے گئے 2021 اور 2023 کے میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں رنر اپ رہے تھے، میلبورن اور روٹرڈیم میں اس کی کامیابیوں کے بعد یہ اطالوی ٹینس سٹار کا 2024 تیسرا اے ٹی پی ٹائٹل ہے جو انہوں نے اپنے نام کیا۔

اس کامیابی کے بعد جینک سنر کی مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں بھی ترقی ہوئی ہے اور وہ ایک درجہ ترقی پاکر تیسرے سے دوسرے نمبرپر پہنچ گئے ہیں جبکہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

اپنی اس فتح کے بعد جینک سنر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ کامیابی میرے لیے بہت ہی خاص ہے ، میں نے ٹینس کورٹ پر درست شارٹس کا استعمال ٹھیک وقت پر کرتے ہوئے فتح حاصل کی ۔

انہوں نے کہا کہ فتح کے ساتھ ساتھ مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں بھی ترقی پاکردوسری پوزیشن پر پہنچنا میرے لئےکسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے اور میں واقعی اپنی اس فتح پر بہت خوش ہوں۔

جینک سنر 1973 کے بعد اے ٹی پی رینکنگ میں ٹاپ ٹو میں داخل ہونے والے پہلے اطالوی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، جینک سنر نے کہا کہ وہ اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں مزید فتوحات حاصل کریں گے۔