ہم آپ کو 5 ایسی ویب سائٹس بتا رہے ہیں جو کسی بھی طالبعلم کے علم کے حصول کو آسان بنا سکتی ہیں۔
لاہور: (ویب ڈیسک) ہم لوگ ایک ہائی ٹٰیک دور میں سانس لے رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے بغیر گزارا اب نا ممکن سا لگتا ہے۔ ایک وقت تھا جب گھر کے بڑے بزرگ نوجوان نسل کے ہاتھوں میں موبائل فون دیکھ کر چڑا کرتے تھے۔ آج یہی بزرگ ہر وقت فیس بُک پر لاگ ان دکھائی دیتے ہیں۔ طالب علموں کی بات کی جائے تو ان کے لئے اس دور نے بہت سی آسانیاں پیدا کر دی ہیں۔ ایک کلک پر دنیا آپ کے سامنے کھل جاتی ہے۔ یہاں ہم آپ کو پانچ ایسی ویب سائٹس بتا رہے ہیں جو کسی بھی طالب علم کے علم کے حصول کو آسان بنا سکتی ہیں۔
www.coursera.org
اس ویب سائٹ پر آپ دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے آن لائن کورس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ یہاں آپ کو سائنس اور آرٹس سمیت ہر مضمون سے متعلقہ کورسز مل جائیں گے۔ گرافک ڈیزائننگ کا کورس ہو یا چینی زبان سیکھنی ہو، بس سرچ بار میں مطلوبہ کی ورڈ لکھیں اور پلک جھپکتے ہی ہزارہا کورس آپ کی کمپیوٹر سکرین پر ہوںگے۔ اپنا پسندیدہ کورس رجسٹرڈ کریں، آن لائن فیس ادا کریں اور بس گھر بیٹھے مکمل کورس پڑھیں۔
www.brilliant.org
یہ ویب سائٹ خاص طور پر سائنس، ریاضی اور انجینئرنگ کے طالب علموں کے لئے ہے۔ یہاں مختلف قسم کی ہلکی پھلکی مشقوں کے ذریعے بڑے پیچیدہ نکات آرام سے سکھا دیے جاتے ہیں۔ اس ویب سائٹ پر آپ گوگل، فیس بُک یا اپنے ای میل آئی ڈی کے ذریعے سائن اپ کر سکتے ہیں۔
www.khanacademy.org
یہ ویب سائٹ ریاضی، کمپیوٹنگ، انجینئرنگ، آرٹس و ہیومینیٹیز، معاشیات اور فنانس سے متعلقہ علوم سکھاتی ہے۔ اس ویب سائٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں طالب علم، اساتذہ اور والدین کے لئے الگ الگ مواد موجود ہیں۔ اس ویب سائٹ کے ایک حصے میں ایم کیٹ اور جی میٹ جیسے انٹری ٹیسٹس کی بھی تیاری کروائی جاتی ہے۔
www.robozzle.com
یہ ایک ایسی ویب سائٹ ہے جہاں آپ ایک روبوٹ کے ذریعے مختلف پزل گیم کھیل سکتے ہیں۔ یہ ویب سائٹ خاص طور پر ایسے طالب علموں کے لئے ہے جو سائنس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
www.ted.com/talks
یہ ویب سائٹ ہر طالب علم کو ضرور دیکھنی چاہیے۔ یہاں آپ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی زندگی کی جدوجہد کے بارے میں جان سکتے ہیں۔ اس ویب سائٹ پر ایسے تمام کامیاب لوگوں کی ٹیڈ ٹالکس موجود ہیں، جس میں وہ اپنی کامیابی داستان، اس دوران پیش آنے والی مشکلات اور کامیابی کو قائم رکھنے کے گُر بتاتے ہیں۔