آٹھ طریقوں سے موٹاپا ختم کریں

Published On 03 Oct 2017 07:27 PM 

اگر آپ بھی موٹاپے کی وجہ سے بے حال ہیں تو فوراً کمر کس لیں اور آ جائیں میدان میں۔

لاہور: (ویب ڈیسک) موٹاپا انسان کی ظاہری حالت کے ساتھ ساتھ اندرونی صحت کو بھی تباہ کر کے رکھ دیتا ہے۔ جسم پر چربی کی تہیں چڑھتی جاتی ہیں اور جسمانی اعضاء کی کارکردگی کم سے کم ہوتی جاتی ہے۔ اگر موٹاپے کو کم کرنے کے لئے بروقت اقدامات نہ کیے جائیں تو انسان کو کئی موذی امراض جکڑ لیتے ہیں۔ موٹاپا کم کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ بس ذرا سی ہمت اور استقلال درکار ہے۔

روزانہ دو سے تین لیٹر پانی پئیں

اگر آپ موٹاپا کم کرنا چاہتے ہیں تو اپنا پانی کا استعمال بڑھا دیں۔ روزانہ کم از کم دو سے تین لیٹر پانی پئیں۔ پانی انسان کی صحت کے لئے بہت مفید ہے۔ یہ ہمارے جسم سے فاسد مادوں کے اخراج میں مدد دیتا ہے۔ انسانی جسم کے خلیوں کو بھی بہترین کارکردگی کے لئے پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔

سفید گوشت کا استعمال کریں

سفید گوشت مچھلی اور مرغی کے گوشت کو کہا جاتا ہے۔ یہ سرخ گوشت کے مقابلے میں جلدی ہضم ہوتا ہے۔ اس میں چکنائی کی مقدار بھی کم ہوتی ہے۔ موٹاپا کم کرنے کے لئے اپنے روز کے کھانے میں مرغی یا مچھلی کے گوشت کو مناسب مقدار میں شامل کریں۔

پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال کریں

اپنی کھانے کی پلیٹ میں آدھی مقدار سبزیوں کی رکھیں۔ سبزیوں کو اتنا مت پکائیں کہ وہ اپنی غذائیت ہی کھو بیٹھیں۔ سبزیوں کو کچا یا گِرل کر کے کھانا زیادہ مفید ہے۔ سبزیوں کے ساتھ ساتھ پھل کا استعمال بھی کریں۔ صبح کے ناشتے میں انڈے اور دودھ کے ساتھ پھل بھی استعمال کریں۔ شام کو اگر کچھ کھانے کا دل کرے تو کوئی سا بھی ایک موسمی پھل کھا لیں۔

دن میں پانچ بار کھانا کھائیں

ایسٹ فن لینڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ دن میں پانچ بار کھانا کھاتے ہیں، ان کا وزن ان لوگوں کی نسبت کم ہوتا ہے جو دن میں تین بار کھانا کھاتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ پانچوں وقت پیٹ بھر کر کھانا کھایا جائے بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اپنے کھانے کو پانچ حصوں میں تقسیم کریں اور ہر حصہ مختلف اوقات میں کھائیں۔ اس سے آپ کو بھوکا رہنے کا احساس نہیں ہوگا۔

سبز قہوے کا استعمال شروع کریں

سبز قہوہ انسانی جسم کا میٹابولزم تیز کرنے میں مدد دیتا ہے۔ دن میں دو سے تین سبز قہوے کی پیالیاں وزن کم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہیں۔

میٹھی اشیاء اور بیکری مصنوعات کو ترک کریں

میٹھی اشیا اور بیکری کی تمام مصنوعات موٹاپے کو اپنے ساتھ لاتی ہیں۔ یہ تمام اشیا کھانے میں جتنی مزیدار ہوتی ہیں، صحت کے لئے اتنی ہی نقصان دہ ہوتی ہیں۔ میٹھی اشیا جگر پر چکنائی ذخیرہ کرتی ہیں اور بیکری مصنوعات کے استعمال سے کولیسٹرول لیول بڑھتا ہے۔ اس لئے اگر موٹاپے کو بھگانا ہے تو سب سے پہلے ان چیزوں کو خیر باد کہہ دیں۔

ورزش کریں

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے لئے کھانے کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ انسان کو ورزش بھی کرنی چاہیے۔ اس سے وزن جلد کم ہوتا ہے اور انسان چست و توانا بھی رہتا ہے۔ وزن کم کرنے کے لئے ورزش کم از کم ہفتے میں پانچ بار کرنی چاہیے۔ آپ اپنی مرضی کی کوئی بھی ورزش کر سکتے ہیں مثلاً تیراکی، رقص، فٹ بال کھیلنا، بھاگنا یا کرکٹ کھیلنا۔

کھانا جلد کھائیں

برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق کھانے کے اوقات کا انسان کے وزن سے گہرا تعلق ہوتا ہے۔ جو لوگ دیر سے کھانا کھاتے ہیں ان کا وزن بھی زیادہ بڑھتا ہے۔ اس تحقیق کے مطابق ناشتے کا بہترین وقت صبح 7 سے 8 بجے کا ہے، دوپہر کے کھانے کا وقت دوپہر 12 سے 1 بجے کا ہے اور رات کے کھانے کا وقت شام 6 سے 7 بجے کا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق رات کے کھانے اور سونے کے درمیان 4 سے 5 گھنٹوں کا وقفہ ہونا چاہیے۔