جسمانی کمزوری ، رعشہ اور قے و دست آنے کی صورت میں انڈے کا مختلف طریقوں سے استعمال انتہائی فائدہ مند ہوتا ہے
لاہور ( روزنامہ دنیا ) انڈے کو عربی میں بیضہ ماکیاں ، فارسی میں تخم مرغ ، سندھی میں آنو اور انگریزی میں ایگ (Egg) کیا جاتا ہے ۔ انڈا (مرغی) مشہور عام چیز ہے جس سے تقریباً ہر شخص واقف ہے ۔ دودھ کی طرح انڈہ غذائیت سے بھرپور خوراک ہے ۔ اس میں وہ اجزاء موجود ہوتے ہیں جو صحت کو قائم رکھنے کیلئے ضروری ہوتے ہیں ۔ انڈوں کی کئی اقسام ہیں مثلاً مرغی کا انڈا ، بطخ کا انڈا ، ٹرکی کا انڈا اور شتر مرغ کا انڈا ، مرغی کا انڈا عام طور پر زیادہ استعمال ہوتا ہے ۔ انڈے میں چھلکا گیارہ حصہ ، سفیدی ستاون اور زردی بتیس حصہ ہوتی ہے ۔
گھریلو مرغیوں کے انڈے سائز اور وزن میں مختلف ہوتے ہیں مگر ان کے اجزائے خوراک تقریباً برابر ہی ہوتے ہیں ۔ تازہ انڈے کا ذائقہ نہایت عمدہ ہوتا ہے ۔ پاکستان میں دیسی مرغی ایک سال میں ساٹھ تا اسی انڈے دیتی ہے جبکہ ولائتی مرغیاں ایک سو بیس سے ایک سو پچاس تک انڈے دیتی ہیں ۔ صحیح انڈوں کی پہچان کا طریقہ یہ ہے کہ انڈے کو روشنی کی طرف کر کے دوسری طرف سے دیکھیں اگر صاف نظر آئے تو ٹھیک ہے ۔ اگر اس میں کوئی داغ نظر آئے تو پھر انڈا خراب ہے ۔ اس کے علاوہ انڈوں کو پانی میں ڈال کر دیکھا جا سکتا ہے ۔ صحیح انڈے ڈوب جائیں گے جبکہ خراب انڈے اوپر تیریں گے ۔ انڈے کا رنگ اکثر سفید ہوتا ہے ۔ کچھ انڈے ہلکے بھورے بھی ہوتے ہیں ۔ اس کا ذائقہ پھیکا ہوتا ہے ۔
انڈے کے فوائد: 1- انڈے خون پیدا کرتے ہیں۔ 2- دل اور دماغ کو قوت دیتے ہیں۔ 3- کمزور مریضوں کی بہترین غذا ہے۔ 4- انڈے کی زردی سے روغن نکالا جاتا ہے جو بال اگانے میں بڑا موثر ہوتا ہے۔ 5- عام جسمانی کمزوری میں دو انڈوں کی زردی اورسفیدی ایک پیالے میں ڈال کر اچھی طرح سے پھینٹیں اور پھر گرم دودھ پائو بھر میں تین چمچے خالص شہد ملا کر پینے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔ 6- جن لوگوں کو رعشہ کی شکایت ہو ان کیلئے آدھ پکے انڈے کی زردی نہایت مفید ہوتی ہے۔ انہیں چاہئے کہ وہ روزانہ نہار منہ دو آدھ پکے انڈوں کی زردی کھائیں۔ 7- بچوں کو قے اور دست آنے کی صورت میں ایک انڈے کی سفیدی کو پائو بھر پانی میں پھینٹ کر چینی ملا کر پلانے سے صحت ہوتی ہے۔ 8- انڈوں کے چھلکوں کا کشتہ بنا کر سیلان الرحم اور ذیابیطس کی بیماریوں میں استعمال کرنا مفید ہے۔ 9- انڈے کا تیل دماغی قوت بڑھانے‘ بال پیدا کرنے اور گنج دور کرنے کیلئے مفید ہے۔ 10- انڈوں کے چھلکے خوبصورت کھلونے بنانے اور چھپکلیوں کو الماریوں سے دور رکھنے کے لئے کام آتے ہیں۔ 11- چار پانچ کلو پانی کو دس منٹ تک ابال کر ٹھنڈا کر کے اس میں آدھا کلو سوڈیم سلی کیٹ ملا کر کسی مرتبان میں انڈے ڈال کر پانی ڈال دیں تو انڈے ایک سال تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔ 12- سینے کی جلن کی صورت میں گرم دودھ میں دیسی انڈا پھینٹ کر پلانے سے افاقہ ہوتا ہے۔ 13- گرتے ہوئے بالوں کو روکنے کیلئے انڈا پھینٹ کر بالوں کی جڑوں میں لگائیں دو گھنٹے بعد سر دھونے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔ کم از کم ایک ہفتہ تک یہ عمل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ 14- سینہ کی کھرکھراہٹ اور معدہ کے منہ سے خون آنے کو روکتا ہے۔ 15- انڈا لحمیات کا بہترین ماخذ ہے ۔