ماہرین کے مطابق جب یہ تمام اجزا باہم مل جاتے ہیں تو سموگ پیدا ہوتی ہے جو بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے خطرناک صورت اختیار کر لیتی ہے۔
لاہور: (ویب ڈیسک) اِس سال شہر پر سموگ کا حملہ گزشتہ سال کی نسبت زیادہ شدید ہونے کے خدشات سامنے آنے لگے ہیں، جس کی بڑی وجہ مقررہ معیار سے زیادہ آلودگی ہے۔
سموگ کیا ہے؟
سموگ دھویں اور دھند کے مرکب کو کہا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اِس موسم کے دوران جب دھند بنتی ہے تو یہ فضا میں پہلے سے موجود آلودگی کے ساتھ مِل کر ایک سموگ بنا دیتی ہے۔ اِس دھویں میں کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسی زہریلے مواد شامل ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق جب یہ تمام اجزا باہم مل جاتے ہیں تو سموگ پیدا ہوتی ہے جو بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے خطرناک صورت اختیار کر لیتی ہے۔
سموگ صحت کو کیسے نقصان پہنچاتی ہے؟
سموگ انسان کی صحت کو بہت سے نقصانات پہنچاتی ہے۔ خاص طور پرایسے لوگ جنہیں پہلے سے سینے، پھیپڑے یا دل کی بیماری ہو اُن کے لئے سموگ مزید بیماریوں کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔ سب سے پہلے تو انسان کے گلے میں خراش شروع ہوتی ہے پھرناک اور آنکھوں میں چبھن کا احساس ہوتا ہے۔ اِس کے بعد بھی احتیاط نہ کی جائے توسانس لینے میں بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دمہ کے مریضوں کی حالت ایسے موسم میں مزید بگڑ سکتی ہے۔ طبی ماہرین دمہ کے مریضوں کو ایسے موسم میں ہر وقت اپنے ساتھ انہیلر رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
سموگ سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر
سموگ اور اُس سے ہونے والے نقصانات سے بچنے کے لئے درج ذیل احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
موسم کے حالات سے باخبر رہیں
اگر آپ نے گھر سے باہر جانا ہو تو موسم سے متعلق معلومات پہلے سے دیکھ لیں۔ کئی موبائل ایپلیکیشنز اس سلسلے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ اگر پہلے سے موسم میں خرابی یا آلودگی کا پتہ ہو تو سموگ اور اُس کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔
ضرورت کے بغیر گھر سے نہ نکلیں
اگر کسی دن سموگ بہت زیادہ ہو تو اُس دن گھر سے بلا ضرورت نکلنے سے پرہیز کریں۔ ایسے موسم میں باہر نکلنا اپنی صحت کو خود تباہ کرنے کے مترادف ہے۔
زیادہ رَش والی جگہات پر نہ جائیں
جِس دن سموگ کی نشاندہی کی جائے اُس دن رَش والی جگہات پر جانے سے پرہیز کریں۔ اگر ایسا بھی ممکن نہ ہو تو ایسے اوقات میں باہر جائیں جب ٹریفک کا زور کم ہو۔ اس سے آپ کو کم سموگ ملے گا۔
آلودگی کو فلٹر کرنے والا ماسک پہنیں
گھر سے باہر نکلتے ہوئے ماسک پہنیں۔ ماسک پہن کر انسان مضحکہ خیز تو لگتا ہے لیکن اُس کے پھیپھڑے صاف ستھرے رہتے ہیں۔ ماسک خریدتے ہوئے دھیان رکھیں کہ اُس میں ہوا کو صاف کرنے والا فلٹر لگا ہو۔ ایسے ماسک سادہ ماسک کی نسبت زیادہ فائدہ مند رہتے ہیں۔
ہوا کو صاف کرنے والا اے سی خریدیں
مارکیٹ میں ایسے بہت سے ائیر کنڈیشنر دستیاب ہیں جو کمرے کو ٹھنڈا کرنے کے علاوہ دیگر بہت سے کام بھی کرتے ہیں۔ ان کاموں میں سے ایک کام ہوا میں سے نمی کو کم کرنا اور آلودہ مادوں کو فلٹر کرنا بھی ہے۔ ایسا ائیر کنڈیشنر خریدیں اور سموگ کے دنوں میں اس کا استعمال کریں۔