کالا یرقان پاکستان کو نگل رہا ہے، کیا کرنا چاہیے

Published On 21 Dec 2017 10:01 AM 

ہیپاٹائٹس سی کا شمار دنیا کے خطرناک ترین امراض میں ہوتا ہے اسے عام طور پر کالا یرقان بھی کہا جاتا ہے اور یہ کالا یرقان پاکستان کو نگل رہا ہے۔

لاہور: ( ڈاکٹر سعید اختر ) ہیپاٹائٹس سی کا شمار دنیا کے خطرناک ترین امراض میں ہوتا ہے اسے عام طور پر کالا یرقان بھی کہا جاتا ہے اور یہ کالا یرقان پاکستان کو نگل رہا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ ہے عالمی ادارہ صحت کے اعدادو شمار کے مطابق مریضوں کے اعتبار سے پاکستان دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ یرقان سے ہر روز 400 اور سالانہ ڈیڑھ لاکھ افراد موت کا شکار ہو رہے ہیں۔ روزانہ 680 اور سالانہ ڈھائی لاکھ افراد ہیپاٹائٹس سے متاثر ہو رہے ہیں، کوئی شخص علامت ظاہر ہوئے بغیر کئی سال تک ہیپاٹائٹس بی اور سی کا شکار رہ سکتا ہے اس دوران جگر کے خاموشی سے متاثر ہونے کا عمل جاری رہتا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں جگر کے کینسر کی علامت ظاہر نہیں ہوتی یہ آہستہ آہستہ پورے جسم میں سرایت کرتے ہوئے آخرکار مریض کی موت کا باعث بن سکتا ہے ، حیران کن امر یہ ہے کہ ہیپاٹائٹس کے چار میں سے تین مریض اس بیماری میں مبتلا ہونے کی بابت بے خبر رہتے ہیں، ہمارے ہاں لوگ غیر ضروری طور پر معمولی بیماری میں انجکشن لگوانے چلے جاتے ہیں اگر لگوانا ہی ہے تو اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ڈسپوزایبل سرنج استعمال ہو رہی ہے۔ سیلون وغیرہ میں حجام شیو کے لئے ایک ہی استرا بار بار استعمال میں لاتے ہیں اور اس سے شام تک سینکڑوں لوگوں کو مریض بنا دیا جاتا ہے اسی طرح عطائی ڈینٹسٹ غیر محفوظ اوزار استعمال کرتے ہیں ،سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ لوگوں کو پتہ ہی نہیں ان کو ہیپاٹائٹس بی ہے یا سی ، پہلے اقدام کے طور پر سکریننگ شروع کی جانی چاہئے۔

ہیپاٹائٹس سی کا علاج جو پہلے لاکھوں روپے میں ہوتا تھا اب ہزاروں میں ہو رہا ہے اس وقت ہیپاٹائٹس کی بہترین دوا امریکہ میں 1000 ڈالر کی ایک گولی ملتی ہے وہ پاکستان میں صرف 100 روپے میں دستیاب ہے، اس مرض کا علاج اب دس ہزار روپے میں ممکن ہے اگر 6 ماہ کا علاج ہوگا تو بیس بائیس ہزار میں ہو جائے گا، ہم اس وقت سائنس اور وقت کے پر جوش مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں 90 فیصد لوگ ابھی بیماری کے ابتدائی مرحلے ہیں ان میں ہیپاٹائٹس کا مرض جان لیوا ہونے کے لئے 15 سال لگیں گے انہیں چاہئے کہ وہ مختلف اداروں سے ہیپاٹائٹس سی کی جانچ کر والیں اس طرح 35 سے 40 فیصد سکرین ہوسکتا ہے صرف چالیس روپے کے ٹیسٹ سے مرض کا پتہ چل سکتا ہے بر وقت تشخیص سے علاج بھی ممکن ہے۔