اپنی جلد کو صحت مند اور چمکتا دمکتا بنانے کے لیے کورئینز کے ان پانچ رازوں پر عمل کریں۔
لاہور: (ویب ڈیسک) کورئینز کی جلد بہت چمکدار ہوتی ہے۔ اس میں اگر کچھ حصہ ان کے ملک کی آب و ہوا کا ہے تو بڑا حصہ کچھ ایسے رازوں کا بھی ہے جن کی مدد سے وہ اپنی جلد کو ہمیشہ تروتازہ رکھتے ہیں۔ صحت مند اور چمکتی دمکتی جلد ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے۔ اگر آپ کی بھی یہ خواہش ہے تو جلد کو خوبصورت بنانے والے درج ذیل پانچ کورئین رازوں پر عمل کریں۔
دس سیکنڈ کے اصول اپنائیں
کورئینز اپنی جلد کو ہمیشہ خوبصورت رکھنے کے لیے ہمیشہ دس سیکنڈ کے اصول پر عمل کرتے ہیں۔ دس سیکنڈ کے اصول کے مطابق نہانے کے ٹھیک دس سیکنڈ بعد جلد پر موئسچرائزنگ کریم سے مساج کرنا چاہئیے۔ اس عمل سے جلد چمکدار اور صاف رہتی ہے۔
جامسُو
کورئینز لڑکیاں میک اپ کرنے کے بعد ایک ٹھنڈے پانی کے بائول میں اپنا چہرہ پندرہ سے تیس سیکنڈ تک ڈبوتی ہیں۔ اس سے ان کے میک اپ کو ایک نرم اور میٹ شکل مل جاتی ہے جو دیکھنے میں بہت حسین لگتی ہے۔ آپ بھی چاہیں تو ٹھنڈے پانی کے ذریعے اپنے میک اپ کو ایک خوبصورت شکل دے سکتی ہیں۔
کیل مہاسوں کے خاتمے کے لیے شیونگ کریم کا استعمال کریں
کورئینز کیل مہاسوں کے خلاف ہمیشہ سرگرداں رہتے ہیں۔ اگر آپ کو ایکنی یعنی کیل مہاسوں کا مسئلہ ہے تو اپنے چہرے پر شیونگ کریم پانچ سے دس منٹ تک لگا کر رکھیں۔ باقائدگی سے یہ عمل دہرایا جائے تو کیل مہاسے کم ہونے لگتے ہیں۔
سمندری نمک سے بلیک ہیڈز کم کریں
بلیک ہیڈز ختم کرنے کے لیے کوریا میں سمندری نمک کا استعمال کیا جاتا ہے۔ آپ بھی اگر اس طریقہ کار پر عمل کرنا چاہتی ہیں تو ایک گلاس گرم پانی میں ایک کھانے کا چمچ گرم پانی ملائیں۔ اب ایک روئی کے ٹکڑے کو اس محلول میں ڈبوئیں اور اس سے چہرے کو صاف کریں۔ بلیک ہیڈز ختم ہو جائیں گے۔
سویا دودھ کا استعمال کریں
اپنی جلد کو تروتازہ اور صحت مند بنانے کے لیے کورئینز سویا دودھ کا بھی استعمال کرتے ہیں۔ اپنی جلد پر ہفتے میں دو سے تین دفعہ سویا دودھ سے مساج کریں۔ مساج کے پندرہ سے بیس منٹ کے بعد اپنا چہرہ دھو لیں۔