ڈرون کی مدد سے مجرموں کی گرفتاری

Last Updated On 14 June,2018 02:47 pm

لڈرون ٹیکنالوجی نے اپنی بڑھتی ہوئی افادیت دوبارہ ثابت کردی اور صرف ایک ڈرون نے 500 سے زائد ملزموں کو گرفتار کرانے میں مدد دی ہے ۔

لاہور(نیٹ نیوز) میکسیکو کے شہر اینسیناڈا میں پولیس نے ایمرجنسی کال کے بعد ڈی جے آئی ڈرون استعمال کرتے ہوئے سینکڑوں مجرموں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے ۔ سٹی پولیس کے مطابق صرف ایک ڈی جے آئی انسپائرون کواڈ کاپٹر سے جرائم میں 10 فیصد کمی ہوئی ہے ، ڈرون کی وجہ سے پولیس کے ردِعمل کا وقت کم ہوا ہے اور مجرموں کو پکڑنے میں آسانی ہوئی ہے ۔

چار ماہ تک ڈرون نے روزانہ 25 مشن انجام دیئے اور یہ مشن 911 امدادی کالزکے جواب میں کیے گئے تھے ۔ جی پی ایس سے لیس اس ڈرون کا سافٹ ویئر کیلی فورنیا کی ایک کمپنی نے بنایا ہے جو خودکار انداز میں ڈرون کو اس جگہ تک پہنچاتا ہے اور اس دوران پورے عمل کی ویڈیو نشر ہوتی رہتی ہے ۔

میکسیکو پولیس کے مطابق کئی بار ایسا ہوا کہ ڈرون صرف چند منٹوں میں جائے واردات پر پہنچا اور فرار ہوتے ملزموں کی ویڈیو براہِ راست نشر کردی جس کے بعد پولیس نے انہیں آسانی سے ڈھونڈ نکالا۔ میکسیکو پولیس کے مطابق چور اور ڈاکوؤں کے ذہن میں اپنی واردات اور پولیس کے پہنچنے کا ایک خاص دورانیہ ہوتا ہے اور وہ اسی وقفے میں اپنا کام کرتے ہیں لیکن ڈرون پہنچنے سے وہ فرار ہوجاتے ہیں یا پھر ان کی ویڈیو بننے سے انہیں گرفتار کرلیا جاتا ہے ۔