جسمانی تھکان دور کرنے کے دیسی طریقے

Last Updated On 19 July,2018 07:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) جسمانی اور روحانی صحت کے حصول کے لیے صفائی انتہائی ضروری ہے۔ غسل کا مقصد صرف خود کو صاف ستھرا اور پاک کرنا ہی نہیں بلکہ اس کا مقصد ذہنی سکون اور تھکن سے نجات حاصل کرنا بھی ہے۔

یہ تو ہم سب جانتے ہیں کہ جسم کو کس طرح صاف کرنا ہے لیکن یہ بہت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ غسل کے لیے جو انواع و اقسام کے صابن، لوشن اور تیل وغیرہ بازار میں دستیاب ہیں ان میں سے ہر ایک کا مخصوص مقصد اور استعمال ہے۔ ہم میں سے بہت لوگ محض اس کی خوشبو اور پرکشش پیکنگ دیکھ کر خرید لیتے ہیں۔

اب آپ کو تھکان دور کرنے اور جسم کو چست بنانے کے لیے ایک خصوصی غسل کے بارے بتاتے ہیں۔ اس کے لیے گلاب باتھ آئل تیار کرنا پڑے گا۔ اس کی اشیا میں عرق گلاب چار چائے کے چمچ، بادام کا تیل ایک کپ، شیمپو دو کھانے کے چمچ شامل ہیں۔ ان تمام اجزاء کو باہم ملا کر یکجان کر لیں۔ اس آمیزے کو بوتل میں ڈال کر رکھ لیں۔ نہانے سے پہلے گرم پانی میں اس کے چند قطرے ڈال دیں۔ تھکے ہوئے جسم کو پرسکون کرنے کے لیے اس سے بہتر چیز شاید ہی کوئی اور ہو۔

اس کے علاوہ تھکان سے چور جسم کو سہلانے کے لیے نیم گرم پانی میں نمک ڈال کر نہانا بھی مفید ہے۔ گلاب باتھ آئل کی جگہ آپ نہانے کے لیے پانی میں سنگترے یا لیموں کے چند قطرے ڈال لیں تو بھی مذکورہ فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔ سست جسم کو چست بنانے کے لیے گرم پانی میں الائچی یا گل ریحان ڈال کر نہانے سے بھی جسم کی سستی دور ہو جاتی ہے۔

تحریر: فرزانہ خان