انگلینڈ: منشیات کے استعمال سے ہونے والی اموات میں اضافہ

Last Updated On 09 August,2018 10:57 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ میں منشیات کے استعمال سے ہونے والی اموات میں 29 فیصد اضافہ، ان میں سے دو تہائی اموات منشیات کے غلط استعمال کے باعث ہوئیں۔

برطانیہ کے اعداد و شمار کے ادارے نے کہا ہے کہ ملک میں منشیات کے استعمال سے ہونے والی اموات میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارے کے مطابق ان میں سے دو تہائی اموات منشیات کے غلط استعمال کے باعث ہوئیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق انگلینڈ کا شمالی مشرقی حصہ زیادہ متاثر ہوا ہے، اور وہاں منشیات کے ہاتھوں مرنے والوں کی شرح 83 فی دس لاکھ ہے، جب کہ لندن میں یہ شرح سب سے کم ہے۔

رپورٹ کے مطابق انگلینڈ میں خاص طور پر کوکین، فینٹانل اور میفیڈرون نامی منشیات کا استعمال بڑھ رہا ہے، جو چین سے غیرقانونی طور پر ڈارک ویب کے ذریعے درآمد کی جاتی ہیں۔ سب سے زیادہ خطرناک نشہ آور دوا فینٹانل ہے، جب کہ دوسرے نمبر پر کوکین ہے، جس کے باعث 2017 میں 432 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

منشیات کے استعمال کے خلاف کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہیں۔