جسم کے اندر مائعات کا جائزہ لے کر بیماریوں کی تشخیص کرنیوالا سینسر

Last Updated On 29 September,2018 12:51 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) طبی ماہرین نے ایسا سنسر تیار کیا ہے جو انسانی جسم میں موجود مائعات کو بطور ایندھن استعمال کر کے بایو سگنلز کا جائزہ لے کر بیماریوں کی تشخیص کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ای ای ای ٹرانسیکشنز آف سرکٹس اینڈ سسٹمز نامی جرنل میں شائع رپورٹ کے مطابق واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی (وی ایس یو) میں انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس اسکول کے پروفیسر سونبھانشو گپتا اور ان کے ساتھیوں نے بایو فیول سے چلنے والا سینسر بنایا ہے جو جسم کے اندر مختلف مائعات سے توانائی حاصل کرتا ہے۔ اس کی ڈیزائننگ پروفیسر سوہا اور ایلا کوسٹیو کوفا نے کی ہے جو ایک اور ادارے سے وابستہ ہیں۔ سینسر کی بدولت انگلی میں سوئی چبھو کر خون کا قطرہ لینے کی ضرورت بھی ختم ہوجائے گی جو ذیابیطس کے مریضوں کےلیے تقریباً ہر روز ضروری ہوتی ہے۔

انسانی جسم کے اندر طرح طرح کے مائعات کا ایک سمندر ہے جسے چھوٹے الیکٹرونک آلات چلانے میں استعمال کیا جاسکتا ہے جو چند مائیکرو واٹس کے برابر بجلی استعمال کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ خون میں موجود شکر بھی بایو فیول کا کام کرسکتی ہے۔ اس لحاظ سے جسم کے اندر سینسر ایک طویل عرصے تک کسی بیٹری کے بغیر کام کرسکے گا۔ تجربہ گاہ میں سینسر کی کئی طرح سے آزمائش کی گئی ہے اور بہت کم قیمت میں اسے بڑے پیمانے پر تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس کا سرکٹ مائیکرو الیکٹرونکس پر مشتمل ہے جس کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔