سائبر حملوں سے بچنے کیلئے صارفین ایپ کو اپ گریڈ کریں: وٹس ایپ انتظامیہ

Last Updated On 14 May,2019 10:15 pm

لندن: (ویب ڈیسک) وٹس ایپ کی انتظامیہ نے اپنے صارفین کو سائبر حملہ آوروں کی جانب سے صارفین کے موبائل فونز تک رسائی سے بچنے کے لیے اپنی ایپ کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وٹس ایپ پر سائبر حملوں کی خبر سب سے پہلے برطانیہ کے سب سے بڑے اخبار نے دی تھی۔ اخبار کے مطابق ہیکرز موبائل فونز کی نگرانی کے لیے استعمال ہونے والے ایک سافٹ کو استعمال کر کے وٹس ایپ کی وائس کال کے ذریعے اپنے ٹارگٹس کو نشانہ بنایا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق حملے کے نتیجے میں کال نہ بھی اٹھائی جائے تو بھی سافٹ ویئر انسٹال ہو جائے گا اور فون سے اس کال کا ریکارڈ بھی غائب ہو جائیگا۔ وٹس ایپ کے دنیا بھر ڈیڑھ ارب سے زائد صارفین ہیں۔

وٹس ایپ کے ترجمان کے مطابق ہم اس بات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ تمام صارفین ناصرف اپنے وٹس ایپ کو اپ گریڈ کریں بلکہ موبائل آپریٹنگ سسٹم کو بھی اپ ڈیٹ رکھیں۔‘

برطانوی اخبار کے مطابق صارفین کے موبائل فونز کی نگرانی کے لیے استعمال ہونے والے سافٹ ویئرز کے ایک ڈیلر نے بتایا کہ وٹس ایپ کی جاسوسی کا سافٹ وئیر این ایس او نامی ایک اسرائیلی کمپنی نے بنایا ہے۔ اس کمپنی پر الزام ہے کہ یہ مشرق وسطی سے لے کر میکسیکو تک کئی ممالک کی حکومتوں کو سماجی کارکنوں اور صحافیوں کی جاسوسی میں مدد فراہم کرتی رہی ہے۔

وٹس ایپ پر ہونے والے تازہ ترین سائبر حملوں کی خبر کمپنی کو گزشتہ ماہ ملی تھی جس کے بعد کمپنی کی جانب سے دس دن کے اندر اندر وٹس ایپ کا ایک اپ ڈیٹڈ ورژن متعارف کرا دیا گیا تھا۔ کمپنی کے مطابق تازہ سائبر حملوں سے ایپل اور اینڈرائیڈ استعمال کرنے والے صارفین متاثر ہوئے ہیں۔
 

Advertisement