بیجنگ: (ویب ڈیسک) گوگل نے چین کی مشہور کمپنی ہواوے کیساتھ کاروبار معطل کر دیا ہے، یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کمپنی کو بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد کیا گیا۔ ٹرمپ نے ہواوے کو ان کمپنیوں میں شامل کیا تھا جو امریکی فرمز کی اجازت کے بغیر کاروبار نہیں کر سکتیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی کمپنی ہواوے استعمال کرنے والے صارفین اینڈرائڈ ایپس اور گوگل پلے سروس فی الحال استعمال کر سکیں گے تاہم رواں سال گوگل کے اگلے ورژن کے لانچ ہونے کے بعد یہ ہواوے کی ڈیوائسز پر دستیاب نہیں ہو سکیں گی۔
دوسری جانب ہواوے کمپنی کی ڈیوائسز پر گوگل اور اینڈرائیڈ سسٹم کی رسائی معطل ہونے پر ہواوے کمپنی نے اپنا آپریٹنگ سسٹم بنانے کی تصدیق بھی کردی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق موبائل چیف رچرڈ یو چینگ ڈونگ کا کہنا تھا کہ ہواوے پر گوگل اور اینڈرائیڈ سروسز مستقل طور پر معطل ہو گئیں تو ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہم نے پہلے اپنا ایک آپریٹنگ سسٹم تیار کرلیا ہے۔
کمپنی کے مطابق ضرورت پڑنے پر موبائل فونز اور کمپیوٹرز کیلئے اس سسٹم کو متعارف کرا دیا جائے گا۔ گوگل کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی کا جواب دیتے ہوئے رچرڈ یو چینگ ڈونگ کا کہنا ہے کہ ہم ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔