بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی موبائل کمپنی کو بھارت میں کاروبار سے روکنے پر چین نے بھارت کو جوابی اقدام کی دھمکی دے دی۔ چین کی جانب سے بھارت کو سخت الفاظ میں تنبیہ کی گئی ہے کہ ہواوے کے کام میں رکاوٹ ڈالنے سے بھارت باز رہے ورنہ چین میں بھارتی کمپنیوں کو کام سے روک دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چین نے بھارت کو موبائل کمپنی ہواوے کو کام کرنے سے روکنے پر متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہواوے کو بھارت میں کاروبار کرنے سے روکا گیا تو چین بھارتی کمپنیوں کو نہ صرف بند کر دے گا بلکہ اس تنازع سے دونوں ممالک کے دیگر معاشی معاہدے بھی متاثر ہوں گے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت میں فائیو جی سیلولر سروس شروع ہونے والی ہے جس کیلئے پیشکشیں طلب کی گئی ہیں تاہم ابھی تک بھارتی حکومت نے چینی موبائل کمپنی ہواوے کی پیشکش کا جواب تک نہیں دیا۔