لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے پیغامات کی رازداری اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے حال ہی میں بڑا اقدام اٹھایا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے فنگر پرنٹ لاک متعارف کرایا ہے جو کہ صارفین کی اضافی سکیورٹی اور پیغامات کی حفاظت کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ صارفین واٹس ایپ کے اپ ڈیٹڈ ورژن کو اپنے اسمارٹ فون میں ڈاؤن لوڈ کر کے اس فیچر کو استعمال کر سکیں گے۔
عرب خبر رساں ادارے ’’گلف نیوز‘‘ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کی ابتداء میں ہم نے واٹس ایپ صارفین کو اضافی سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے آئی فون صارفین کے لیے ٹچ آئی ڈی اور فیس آئی ڈی متعارف کرایا تھا۔
کمپنی نےمزید کہا کہ آج ہم نے آئی فون میں متعارف کرائے جانے والے فیچر کی طرح اینڈرائڈ صارفین کے لیے بھی ’فنگر پرنٹ لاک‘ متعارف کرادیا ہے۔
صارفین فنگر پرنٹ لاک فیچر کو استعمال کرنے کے لے اپنے سمارٹ فون کی ایپ واٹس ایپ کھولیں گے جس کے بعد سیٹنگ کے آپشن میں جاکر اکاؤنٹ کے سیکشن کو کھولیں گے۔
اکاؤنٹ کا سیکشن کھولنے کے بعد پرائیویسی میں جا کر ’فنگر پرنٹ لاک‘ کو کھولا جاسکتا ہے جو کہ آپ کے ہی فنگر پرنٹ سے ان لاک ہونے کے بعد اس فنگر پرنٹ کو استعمال کرنے کے لیے تصدیق کرے گا۔