ناسا کا اس سال مریخ پر جدید ترین گاڑی بھیجنے کا اعلان

Last Updated On 01 January,2020 12:42 pm

کیلیفورنیا: (روزنامہ دنیا) اس سال مریخ پر جانے کیلئے ناسا کی جدید ترین گاڑی، مارس 2020 روور کو پہلی مرتبہ دنیا کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق لاس اینجلس کے نزدیک جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے انتہائی صاف ستھرے بند کمرے میں یہ سواری اب بھی موجود ہے جس پر گزشتہ ہفتے کئی طرح کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔  مارس 2020 روور اس سال جولائی میں مریخ کی جانب بھیجی جائے گی اور سات ماہ بعد فروری 2021 میں وہ مریخ پر جا اترے گی۔ اس طرح مریخ پر پہنچنے والی یہ پانچویں روبوٹک گاڑی بھی ہوگی۔

مشن کے نائب صدر میٹ ویلس نے بتایا کہ اس پر انتہائی حساس اور جدید آلات نصب ہیں جو مریخ پر زندگی کی تلاش میں مدد دیں گے۔ اس جدید ترین گاڑی میں 23 کیمرے اور دو حساس مائیک لگائے گئے ہیں جو کانوں کی طرح مریخی آواز سنیں گے ۔  روور چھوٹی کار کی جسامت جیسی ہے جو 24 گھنٹے میں 180 میٹر ہی آگے جا سکے گی۔ روور کو توانائی پہنچنانے کیلئے اس میں جدید ترین ایٹمی ری ایکٹر بھی نصب کیا گیا ہے۔ مارس روور میں نصب روبوٹ بازو مریخی سطح کھود کر اس کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔