کرونا وائرس سے متعلق تمام ایپس گوگل پلے سٹور سے غائب

Last Updated On 07 March,2020 10:15 am

لاہور: (ویب ڈیسک) چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس کے حوالے سے متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ویب سائٹس پر جعلی معلومات شیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے لہذا جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے حال ہی میں گوگل نے پلے سٹور سے کرونا وائرس سے متعلق تمام ایپس ہٹا دی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گوگل، پلے سٹور سے کرونا وائرس سے متعلق تمام تر ایپس کو بلاک کرنے کے حوالے سے سرگرم ہے، صارفین اگر گوگل پلے سٹور پر کرونا وائرس سے متعلق کچھ بھی سرچ کریں گے تو انہیں کوئی نتائج نہیں ملیں گے۔

اس حوالے سے سب سے پہلے 9 ٹو 5 گوگل کی جانب سے رپورٹ کیا گیا اور انہوں نے بتایا کہ گوگل پلے سٹور کرونا وائرس سے متعلق کچھ بھی سرچ کرنے پر کوئی نتائج نہیں دے رہا۔

پلے سٹور پر کرونا وائرس سے متعلق ایپس اور گیمز بلاک کر رہا ہے، پلے سٹور پر اگر صارفین کرونا یا کووڈ-19 لکھ کر سرچ کریں گے تو انہیں کوئی بھی نتائج حاصل نہیں ہو سکیں گے۔

تاہم گوگل کی جانب سے اس حوالے سے فی الحال کوئی بیان نہیں جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کورونا وائرس سے متعلق جعلی معلومات کے حوالے سے فیس بک کی جانب سے بھی اقدام کیا گیا تھا جب کہ آن لائن ریٹیل ایمازون کی جانب سے کورونا وائرس کا خاتمہ کرنے والی تمام تر جعلی پروڈکٹس ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی تھیں۔