کورونا وائرس: اظہار ہمدردی کے لیے فیس بک نے کیئر ایموجی متعارف کرا دی

Last Updated On 03 May,2020 10:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کے مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک کی جانب سے عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران اظہارِ ہمدردی کے لیے نئی 'کئیر' ایموجی متعارف کرائی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  اس وقت جب دنیا کے اربوں افراد کورونا وائرس کی وبا کے نتجے میں مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن کے باعث گھروں تک محدود ہیں، وہاں بیشتر اب زیادہ سے زیادہ وقت انٹرنیٹ پر گزارنے لگے ہیں۔ اور یہی وجہ ہے کہ دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اس مشکل وقت میں کیئر ایموجی کے نام سے ایک نیا ری ایکشن ایموجی متعارف کرایا ہے۔

درحقیقت 2015 کے بعد پہلی بار فیس بک نے لائیک بٹن میں نئے ری ایکشن کا اضافہ کیا جارہا ہے اور اس ایموجی کے ذریعے لوگ ورچوئل طریقے سے کسی پوسٹ پر اپنی ہمدردی کا اظہار کرسکیں گے۔ اس نئے ری ایکشن کو متعارف کرانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ اپنے دوستوں اور پیاروں سے دور رہنے کے باوجود ان کے ساتھ محبت کا اظہار اس طریقے سے کیا جاسکے۔

فیس بک کی جانب سےمتعارف کرائی جانے والی یہ نئی  کیئر   ایموجی کورونا وائرس کے دوران شیئر کیے جانے والے اسٹیٹس، تصویر اور ویڈیو پر یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔

اس نئی کیئر ایموجی میں ایک مسکراتا چہرہ ہے جو ایک دل کو گلے لگایا ہوا ہے۔ اس ضمن میں فیس بک کی جانب سے ایک پیغام جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ الگ ہونے کے باوجود، ہم ایک ساتھ ہیں۔

فیس بک کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ ان ری ایکشنز سے لوگوں کو کووڈ 19 کے بحران کے دوران اپنی سپورٹ ظاہر کرنے کا اضافی ذریعہ مل جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ ایک غیریقینی وقت ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ لوگ اپنی سپورٹ دوستوں اور رشتے داروں کے لیے ظاہر کرسکیں تاکہ انہیں معلوم ہے کہ آپ ان کو یاد کرتے ہیں۔

 

خیال رہے کہ فیس بک عالمی وبا کووڈ19 سے متعلق جعلی معلومات اور جھوٹی افواہوں کی روک تھام کے لیے بھی سرگرم ہے۔
 

Advertisement