وزیراعظم کی دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

Last Updated On 24 July,2020 09:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں انٹرنیٹ کی فراہمی ایک اہم ضرورت بن چکی ہے۔ نوجوان نسل کے لئے بھی ضروری ہے کہ تعلیم تک آسان رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انٹرنیٹ کی کوریج کو بڑھانے، بہتر بنانے اور مختلف علاقوں میں سروس کی فراہمی کیلئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کو انضمام شدہ علاقوں میں انٹرنیٹ سہولت کی فراہمی کے حوالے سے پیشرفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ فائبر آپٹک بچھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

دوران بریفنگ بتایا گیا کہ دو سالوں میں اٹھارہ سو کلومیٹر فائبر آپٹک بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بچھائی جا چکی ہے جبکہ اس سال 547 یونین کونسلوں میں 4600 کلومیٹر فائبر آپٹک بچھائی جائے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی وسیع کوریج اور آسان دستیابی نہایت ضروری ہے۔ سکولوں میں انٹرنیٹ کی آسان اور سستی فراہمی کے حوالے سے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پسماندہ خصوصاً بلوچستان، انضمام شدہ علاقوں اور سندھ کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی اور بہتر کوریج کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔