ترکی میں ڈرائیور کے بغیر چلنے والی برقی بس کا کامیاب تجربہ

Published On 04 February,2021 01:16 pm

انقرہ:(روزنامہ دنیا) ترکی میں بجلی سے چلنے والی تیز رفتار مسافر بس کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس بس کو کسی ڈرائیور کی ضرورت نہیں ہوتی۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے مقامی کمپنی کی ڈرائیور کے بغیر چلنے والی پہلی برقی بس کا افتتاح کردیا، ترک صدر طیب اردوان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بس کا سفر بھی کیا اور بس کی تعریف کی۔ کمپنی کامیاب ٹیسٹنگ کے بعد بڑے پیمانے پر بس کی تیاری شروع کرے گی۔

ترکی کی تیار کردہ 27 فٹ لمبی بس میں 50 مسافروں کے بیٹھنے کی جگہ ہے جب کہ بیٹری کو 5 گھنٹوں میں اے سی کے ذریعہ یا 3 گھنٹے میں ڈی سی کے ذریعے چارج کیا جا سکتا ہے ۔220 کلو واٹ کی بیٹریوں کی حامل یہ بسیں 300 کلو میٹر کا فاصلہ بغیر رکے طے کر سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ترکی کی ایک اور بس ساز کمنیی اوٹوکر نے بھی برقی بس کا تجربہ کیا تھا جبکہ گزشتہ برس برقی کار کا بھی تجربہ کیا گیا تھا۔