ایک اچھا شوہر کیسے بنا جائے؟ یہ وہ سوال ہے جو اکثر شادی شدہ مردوں کو بلبلاتا رہتا ہے۔ وہ کچھ بھی کر لیں ان کی بیوی اکثر ہی ان سے کوئی نہ کوئی شکوہ کر بیٹھتی ہے۔ اب اس کا کیا حل ہو سکتا ہے؟
لاہور: (ویب ڈیسک) بیوی کی گُڈ بکس میں آنا کوئی مشکل امر نہیں ہے۔ ہم نے یہاں ایسے 10 عمل لکھے ہیں جن پر اگر آپ عمل کریں تو آپ اپنی بیوی کے لئے ایک اچھے شوہر ثابت ہو سکتے ہیں۔
بیوی پر اعتماد کریں
کسی بھی رشتے کی اساس اعتماد پر ٹکی ہوتی ہے۔ آپ اپنی بیوی پر اعتماد کریں گے تو وہ آپ کی عزت کرے گی۔ ہمارے معاشرے میں اکثر مرد عورت پر شک کرتے ہوئے اس پر بے جا پابندیاں لگاتے ہیں۔ یہ بے جا پابندیاں عورت کو گھٹن کا احساس دلاتی ہیں اور وہ نا خوش رہنے لگتی ہے۔ اس لئے اپنی بیوی پر مکمل اعتماد کریں اور اسے ہر گز یہ احساس نہ دلائیں کہ آپ اپنے دل میں اس کے بارے میں کوئی شک و شبہ رکھتے ہیں۔
گھر کے کام کاج میں بیوی کا ہاتھ بٹائیں
کچھ مرد حضرات شادی کے شروع میں ایک بہت بڑی غلطی کرتے ہیں۔ وہ اپنی بیوی کو صاف صاف الفاظ میں بتا دیتے ہیں کہ اگر اس نے ان کے دل میں جگہ بنانی ہے تو گھر کو سنبھالنا ہو گا اور گھر والوں کو خوش رکھنا ہوگا۔ یاد رکھیں آپ بیوی لائے ہیں، نوکرانی نہیں۔ وہ اپنی مرضی سے جو کام کرنا چاہے اسے کرنے دیں۔ گھر کے کام تمام گھر والوں میں تقسیم ہونے چاہیں۔ جہاں تک ہو سکے بیوی کی کاموں میں مدد کروایا کریں۔
ایک اچھے سامع بنیں
آدمی جب پورا دن کام کرنے کے بعد تھکے ہارے گھر آتے ہیں تو وہ بس آرام کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری طرف عورت پورا دن اس انتظار میں ہوتی ہے کہ شوہر گھر آئے تو اس سے کچھ بات کرے۔ گھر آ کر اپنی بیوی کو بھی مناسب وقت دیں۔ اس کو اپنے خیالات کے اظہار کا موقع دیں اور اس کی بات پورے تحمل اور غور سے سنیں۔
بیوی کی تعریف کریں
بعض شوہر اپنی بیوی کی بالکل بھی تعریف نہیں کرتے۔ انہیں لگتا ہے کہ تعریف سے ان کی بیوی بگڑ جائے گی۔ یہ ایک غلط تصور ہے۔ ہر اچھے کام پر اپنی بیوی کی تعریف کیا کریں۔ اس سے اس کو دلی خوشی ملے گی اور اس کی حوصلہ افزائی بھی ہو گی۔
بیوی کی زندگی میں مداخلت نہ کریں
ہمارے معاشرے میں بیوی کو شوہر کی ملکیت سمجھا جاتا ہے۔ ہمیں اس تصور کو ختم کرنا چاہیے۔ شوہر اور بیوی ایک دوسرے کے زندگی بھر کے ساتھی ہوتے ہیں، مالک یا غلام نہیں ہوتے۔ اپنی بیوی کو اپنے لئے فیصلے خود کرنے دیں۔ اس کی زندگی میں غیر ضروری مداخلت نہ کریں۔ بیوی کی زندگی میں بہت زیادہ مداخلت اسے آپ سے بد ظن کر سکتی ہے۔
بیوی کے رشتہ داروں سے اچھا سلوک کریں
بیوی کے رشتہ داروں کا احترام کریں۔ اکژ آدمی اپنی بیوی کو اس کے رشتے داروں سے ملنے سے روک دیتے ہیں۔ ایسا نہ کریں۔ اسے بھی اپنے رشتے داروں کی اتنی ہی ضرورت ہے، جتنی آپ کو اپنے رشتے داروں کی ہے۔ وہ بھی اس کے لئے اتنے ہی اہم ہیں، جتنے آپ کو اپنے رشتے دار۔ اگر آپ اس کے ساتھ اس کے رشتہ داروں سے ملنے جائیں گے تو اسے زیادہ خوشی ہو گی۔
شوہر ہونے کا رعب نہ جمائیں
جو شوہر اپنی بیوی پر اپنے شوہر ہونے کا رعب جماتے ہیں وہ بہت جلد بیوی کے دل سے اتر جاتے ہیں۔ اپنی بیوی کو محبت دیں۔ اس پر رعب نہ ڈالیں۔ وہ آپ کی ساتھی ہے، غلام نہیں۔
بیوی سے اپنے مسائل ڈسکس کریں
بہت سے آدمی بیوی کو کم عقل خیال کرتے ہوئے اس سے اس کی رائے نہیں مانگتے۔ یہ بہت غلط ہے۔ اپنے مسائل اپنی بیوی سے ڈسکس کریں۔ اس کی ان پر رائے مانگیں۔ ہو سکتا ہے وہ آپ کو آپ کے مسائل کا بہتر حل بتا سکے۔ اگر شوہر بیوی کی رائے طلب کرتا ہے تو اسے اپنی اہمیت کا احساس ہوتا ہے۔
دوسروں کے سامنے بیوی پر نہ چیخیں
اگر آپ کی بیوی سے کوئی غلطی ہو جائے تو اس سے اکیلے میں جا کر بات کریں۔ بعض شوہر مہمانوں کے سامنے ہی بیوی کو سخت سست سنانے لگ جاتے ہیں جس سے بیوی کی عزتِ نفس مجروح ہوتی ہے۔ مہمان الگ مذاق بناتے ہیں۔ اس سے آپ کی عزت بھی کم ہوتی ہے۔
بیوی کی سالگرہ یاد رکھیں
عورتوں کے لئے چھوٹی چھوٹی خوشیوں کے مواقع بہت معنی رکھتے ہیں۔ ایسے مواقع کبھی نہ بھولیں۔ چاہے وہ اس کی سالگرہ ہو یا آپ کی شادی کی اینیورسری۔ اپنے فون میں موجود کیلنڈر میں ایسی ہر تاریخ کا ریمائنڈر لگا لیں۔ اس ریمائنڈر سے آپ کو ایسی سب تاریخیں یاد رہیں گی اور آپ اپنی بیوی کو ایک چھوٹی سے خوشی دینے کا کوئی بھی موقع نہیں کھوئیں گے۔