سمارٹ فون سے ایک اچھی تصویر کیسے لی جاسکتی ہے؟

Published On 25 Oct 2017 07:14 PM 

ہر ایک کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے سمارٹ فون کے کیمرے سے ایسی تصویر لے جو ڈیجیٹل کیمرے کی تصویر کے مقابلے کی ہو۔ کیا ایسا ممکن ہے؟

آج کل سمارٹ فون بہت عام ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے تصویروں کا رواج بھی خوب زور پکڑتا جا رہا ہے۔ اب تصویر لینا بھی کوئی آسان کام نہیں رہا بلکہ ہر ایک کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے سمارٹ فون کے کیمرے سے ایسی تصویر لے جو ڈیجیٹل کیمرے کی تصویر کے مقابلے کی ہو۔ کیا ایسا ممکن ہے؟ جی ہاں! اگر تصویر لیتے ہوئے مندرجہ ذیل باتوں کا دھیان رکھا جائے تو یہ بالکل ممکن ہے۔

لینز کو صاف رکھیں

چونکہ سمارٹ فون ہمیشہ ہمارے ہاتھ میں رہتا ہے تو اس کے لینز کا ہمیشہ گندا ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ سمارٹ فون سے تصویر لینے سے پہلے لینز کو ایک بار ضرور کسی نرم کپڑے سے صاف کر لینا چاہئے وگرنہ تصویر دھندھلی آ سکتی ہے۔

فوکل پوائنٹ کا انتخاب

ایک اچھی تصویر لینے کا پہلا اصول یہ ہے کہ آپ جس بھی منظر کی تصویر لینا چاہ رہے ہیں اس میں کسی ایک چیز کو اپنا فوکل پوائنٹ بنائیں۔ یہ فوکل پوائنٹ اس منظر میں موجود کوئی بھی چیز ہو سکتی ہے۔ یہ آپ کے دوست کا چہرہ بھی ہو سکتا ہے اور اُس کے ہاتھ میں پکڑا ہوا کافی کا مگ بھی۔

لائٹ کا خاص خیال رکھیں

تصاویر لیتے ہوئے لائٹ کا خاص طور پر دھیان رکھیں۔ بعض اوقات روشنی اور اندھیرے کا تناسب ایک معمولی تصویر کو بھی غیر معمولی بنا سکتا ہے۔ ضرورت سے زائد روشنی تصویر کو خراب بھی کر سکتی ہے۔ اگر آپ باہر تصویر لے رہے ہیں تو سورج آپ کی پشت پر ہونا چاہئے۔

صبح اور شام کے اوقات میں تصویر لیں

ایک اچھی تصویر کا انحصار اس بات پر بھی ہوتا ہے کہ آپ دن کے کس وقت میں تصویر کھینچ رہے ہیں۔ دنیا کے بہترین فوٹوگرافرز کے مطابق صبح اور شام کا وقت فوٹوگرافی کے لئے بہترین ہوتا ہے جبکہ دوپہر کے وقت سورج کی روشنی تیز ہونے کی وجہ سے اچھی تصاویر نہیں لی جا سکتیں۔

فلیش کا استعمال کم سے کم کریں

تصاویر لیتے ہوئے فلیش لائٹ کا استعمال کم سے کم کریں۔ فلیش لائٹ نہ صرف تصویر میں رنگوں کے تناسب کو بگاڑتی ہے بلکہ اس میں ایک غیر ضروری چمک بھی پیدا کر دیتی ہے جو کسی بھی اچھی تصویر کو بری تصویر بنانے کے لئے کافی ہے۔ اس کے برعکس قدرتی روشنی میں زیادہ بہتر تصاویر لی جا سکتی ہیں۔

فون کو ہلائیں مت

سمارٹ فون سے تصویر لیتے وقت اپنے فون کو بالکل مت ہلائیں بلکہ اسے اپنے دونوں ہاتھوں سے پکڑیں۔ اب اپنے فون کو بالکل ساکت رکھتے ہوئے تصویر کھینچیں۔ اگر آپ تصویر لیتے ہوئے اپنے سمارٹ فون کو ہلائیں گے تو تصویر خراب ہو سکتی ہے۔