صدیوں سے خوشبو سے مہکتا ہوا پراسرارقلعہ

Last Updated On 08 May,2018 03:25 pm

پیرس (نیٹ نیوز) پیرس خود ایک عجوبہ عالم کی حیثیت رکھتا ہے ،اس کے گرد و نواح میں بھی ایسے تاریخی مقامات موجود ہیں جہاں سے آج بھی صدیوں پرانی خوشبوئیں پھوٹتی ہیں۔

پیرس سے نو کلومیٹر کی دوری پر ایک چھوٹا سا خوشبودار قلعہ ہے جس کا نام ’’نما شاتودی مالمائردہ ‘‘ہے ۔ اس میں 165 سال سے مسلسل خوشبو آرہی ہے ۔ اس قلعے میں نپولین کی بیوی جو زفین رہا کرتی تھی۔

ملکہ جو زفین کو خوشبوؤں سے بہت دلچسپی تھی اور اس کی کوشش تھی کہ نہ صرف وہ خود مشک میں نہاتی رہے بلکہ قلعے کے کونے کونے میں اس کی پسندیدہ مشک بسی رہے۔ ملکہ جوزفین کی موت اس قلعے میں 1814 میں ہوئی۔ جوزفین نے بونا پارٹ کے شہنشاہ فرانس بننے سے پہلے یہ قلعہ خریدا تھا جبکہ بونا پارٹ اس وقت مصر کی مہمات میں مصروف تھا۔

جوزفین کا پہلا شوہر انقلاب فرانس میں مارا گیا تھا ،جوزفین انتہائی ذہین اور ماہر آرائش و زیبائش تھی۔ اس نے جب یہ قلعہ خریدا تو اپنے ہاتھوں سے اس میں ایسے نادر پودے لگائے جو دن رات خوشبو بکھیرا کرتے تھے۔ اس کی موت کے بعد فرانس کی مختلف اہم شخصیات نے یہ قلعہ خریدا لیکن کوئی بھی مالک کوشش کے باوجود مشک کی خوشبو دور نہ کرسکا۔ ماہرین کا کہنا ہے اس قلعے کو بعد ازاں عجائب گھر کا درجہ دیدیا گیا تاکہ اس کے در و دیوار خوشبو میں بسے رہیں۔