سالانہ لاکھوں پرندوں‌ کو ہلاک کرنے والا دردناک کھیل

Last Updated On 05 July,2018 10:25 am

تائیوان: (روزنامہ دنیا) تائیوان میں ہر سال ایک متنازع اور دردناک کھیل منعقد ہوتا ہے جسے کبوتروں کی سمندری دوڑ کہا جاتا ہے۔

اس میں کبوتروں کو دور سمندر میں چھوڑا جاتا ہے اور شرطیں لگائی جاتی ہیں لیکن صرف ایک فیصد پرندے ہی گھر پہنچ پاتے ہیں اور باقی راستے میں مر جاتے ہیں۔ کم سے کم 5 لاکھ کبوتروں کو سمندر سے اڑایا جاتا ہے۔ ان کبوتروں پر اربوں تائیوانی ڈالر کی رقم بطور جوا لگائی جاتی ہے۔

کبوتروں کو توانا بنانے کے لئے نشہ آور دوا بھی دی جاتی ہے۔ تھوڑی دیر کے لیے سمندر کا ایک وسیع حصہ مردہ کبوتروں کا قبرستان بن جاتا ہے تاہم اب تائیوانی پولیس متحرک ہوکر اس کبوتر کش کھیل کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

2015 میں جواریوں کے اڈوں پر چھاپہ مار کر 36 لاکھ امریکی ڈالر، کمپیوٹر اور پرندے ضبط کرکے 164 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم اب بھی چوری چھپے یہ کام جاری ہے جس پر پابندی عائد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔