گدھے پر رنگ کر کے 'زیبرا' بنانے کی کوشش کا بھانڈہ پھوٹ گیا

Last Updated On 28 July,2018 09:18 am

قاہرہ (روزنامہ دنیا) مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے ایک چڑیا گھر میں گدھے پر پینٹنگ کرکے اسے زیبرا بنا کر دکھانے کا راز فاش ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں محمود سرحان نامی ایک نوجوان نے قاہرہ کے چڑیا گھر کا دورہ کیا جہاں وہ ایک زیبرے کو دیکھ کر شش و پنج کا شکار ہوگیا کہ زیبرے کے کان چھوٹے ہوتے ہیں جبکہ چڑیا گھر میں موجود ’’زیبرے ‘‘ کے کان بڑے ہیں، دوسری جانب زیبرے کا منہ سیاہ رنگ کا ہوتا ہے جبکہ اس ’’زیبرے ‘‘ کا منہ سرمئی رنگ کا ہے ۔بس پھر کیا تھا اس نے زیبرے کیساتھ ایک سیلفی اور اس کی چند تصاویر لیں اور اسے ٹوئٹر اور فیس بک پر پوسٹ کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق چڑیا گھر کے ڈائریکٹر محمد سلطان کا اس بات پر اصرار تھا کہ یہ بلاشبہ زیبرا ہی ہے لیکن انہوں نے اس بات سے صاف انکار کردیا کہ انہوں نے گدھے پر کالے رنگ سے مصوری کرکے اسے زیبرے جیسی شکل دی۔ دوسری جانب سرحان کی پوسٹ کردہ تصویر پر ٹوئٹر صارفین نے دلچسپ تبصرے کئے اور زیبرے اور گدھے کی تصاویر بھی شیئر کر کے دونوں کے درمیان فرق واضح کیا۔