مالک مکان کے مطالبات سے تنگ جرمن طالبہ ٹرین میں رہنے لگی

Last Updated On 15 August,2018 10:48 am

برلن: (روزنامہ دنیا) اپنا گھر کس کی خواہش نہیں ہوتی ہر کوئی چاہتا ہے کہ اس کا اپنا گھر ہو جہاں وہ سکون سے اپنی زندگی گزار سکے کیونکہ کرائے کے گھروں میں ہر روز مالک مکان کی نئی شرائط اور نت نئے مطالبات زندگی میں بے سکونی پیدا کردیتے ہیں اور ایسی ہی صورتحال سے بچنے کیلئے جرمنی کی طالبہ نے ٹرین کو ہی اپنا گھر بنا لیا۔

26 سالہ مولر نامی جرمن طالبہ کا فلیٹ کی مالکن سے چھوٹی سی بات پر ہونیوالا تنازعہ اس قدر شدت اختیار کرگیا کہ اسے مجبوراً گھر چھوڑنا پڑا جسکے بعد مولر نے گھر کرائے پر نہ لینے کا فیصلہ کیا اور ٹرین کی سال بھر کی ٹکٹ خرید کر ٹرین ہی کو اپنا گھر بنا لیا جہاں وہ اپنے کپڑوں، لیپ ٹاپ، کتابیں اور دیگر ضرورت کی اشیا کیساتھ سکون سے رہتی ہیں۔

طالبہ کا کہنا ہے کہ وہ ٹرین میں بہت خوش و خرم زندگی گزار رہی ہیں اور ٹرین میں انہیں بلکل اپنے گھر کی طرح محسوس ہوتا ہے اور وہ جب چاہیں اپنے رشتہ داروں اور دوستوں سے مل سکتی ہیں جبکہ ساتھ ہی مختلف مقامات کا سفر کر کے لطف اندوز بھی ہوتی ہیں۔