مکڑی کے دماغ کو ہائی جیک کرنے والی بھڑ دریافت

Last Updated On 04 December,2018 11:06 am

لندن: (روزنامہ دنیا) حشرات کی دنیا سے ایک دلچسپ خبر آئی ہے کہ ماہرین نے ایک بھڑ (شہد کی مکھی جیسا ایک کیڑا یا واسپ) دریافت کیا ہے جو نہ صرف ایک مکڑی پر پلتی ہے بلکہ اس کے دماغ کو قابو کر کے اس سے اپنے کام بھی کرواتی ہے۔

یہ بھڑ اپنے لارووں کو ایک مکڑی پر پروان چڑھاتی ہے اور اس کے بعد وہ مکڑی خود ان لارووں کا نوالہ بن جاتی ہے۔ مادہ بھڑ ایک مکڑی پر انڈے دیتی ہے جو اس سے چپک جاتے ہیں۔ پھر انڈوں کے لاروا نکلتے ہی مکڑی کو کھانا شروع کر دیتے ہیں لیکن بات اس سے بھی آگے جاتی ہے۔

لاروا بڑھنے کے بعد بھی مکڑی کو نہیں چھوڑتا اور اس سے مخصوص کام بھی کرواتا ہے۔ لاروا مکڑی کو مجبور کرتا ہے کہ وہ اپنے قبیلے یا کالونی کو چھوڑے اور اسے مناسب جگہ لے جاکر وہاں اس کے تار سے اپنا خول نما گھر (کوکون) بنواتا ہے۔ جب گھر بن جاتا ہے تو لاروا اس مکڑی کو کھا کر اپنے گھر چلا جاتا ہے اور اپنی زندگی کے بقیہ مراحل وہیں طے کر کے ایک جوان بھڑ کی صورت میں باہر آتا ہے، بھڑ کی اس نئی قسم کو ‘زیٹی پوٹا’ کا نام دیا گیا ہے۔