سمارٹ فونز دجال کے ظہور کی علامت ہو سکتے ہیں، سربراہ روسی چرچ

Last Updated On 08 January,2019 08:25 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) روسی آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ نے کہا ہے کہ انسانوں کو کنٹرول کرنا بہت آسان ہوتا جا رہا ہے کیونکہ سمارٹ فونز انسانیت کو دجال کے ظہور کے قریب لا رہی ہیں۔

جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے میں چھپنے والی دلچسپ خبر کے مطابق روسی آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سمارٹ فونز اور اس جیسی ڈیوائسز انسانیت کو دجال کے ظہور کے قریب لا رہی ہیں، ان سے دنیا کے انسانوں کو کنٹرول کرنا بہت آسان ہوتا جا رہا ہے۔

پیٹریآرک کریل کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ روسی آرتھوڈوکس چرچ ترقی کے ہرگز خلاف نہیں لیکن اس کے حوالے سے کئی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب فوری طور پر یہ پتا چلایا جا سکتا ہے کہ آپ کس وقت کہاں موجود تھے، آپ کس چیز میں دلچسپی رکھتے ہیں، کس چیز کو پسند کرتے ہیں اور کس سے خوفزدہ رہتے ہیں۔ اس طرح کی معلومات دنیا کے سینٹرل کنٹرول کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔

روسی آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ پیٹریآرک کریل کا کہنا تھا کہ مسیحی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو مرکزی مقام سے دنیا کو کنٹرول کرنا ظہور دجال کی نشانی ہے۔ دجال وہ ہوگا، جو ورلڈ وائڈ ویب کا سربراہ ہوگا اور جو پوری انسانیت کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو گا۔