سائبر کرائمز کی ماہر پولیس افسر ’’مس جرمنی‘‘ بن گئی

Last Updated On 27 February,2019 10:38 am

فرینکفرٹ: (روزنامہ دنیا) رواں برس ’’مس جرمنی‘‘ کے ٹائٹل سے 28 سالہ خاتون کو نوازا گیا جو ایک پولیس افسر ہیں اور انٹرنیٹ پر کئے جانے والے جرائم کی ماہر تفتیش کار ہیں۔ نادین بیئرنیز کو ایک روز قبل ’’مس جرمنی‘‘ کے ٹائٹل کی حق دار قرار دیا گیا۔

سب سے طویل عرصے سے چلے آ رہے جرمنی کے اس مقابلہ حسن کا فائنل جرمنی اور فرانس کی سرحد کے قریب واقع شہر رسٹ کے یورپا پارک میں ہوا، ٹائٹل جیتنے کا خواب سچ کرنے والی نادین بیئرنیز پولیس اہلکار ہیں اور سائبر کرائمز کی ماہرتفتیش کار ہیں ،ان کا تعلق جرمن ریاست سیکسنی کے شہر ڈریسڈن سے ہے البتہ وہ سٹٹ گارٹ میں تعینات ہیں۔

نادین بیئرنیز سائیکل چلانے اور ورزش کرنے کا شوق رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ ٹائٹل جیتنے کے بعد ایک سال کیلئے چھٹی کی درخواست دیں گی تاکہ وہ اس دوران ’’مس جرمنی‘‘ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا پچھلے دس سال سے ایک پولیس افسر ہوں اور مجھے کبھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ میں نے غلط فیلڈ اختیار کی ہے۔ نادین بیئرنیز کو مس جرمنی کا ٹائٹل جیتنے پر ایک سال کیلئے بلا معاوضہ سفر، ایک کار اور ایک سال کیلئے کپڑے وغیرہ بھی فراہم کئے جائیں گے۔