ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کا شہری شیر کو بیٹے کی طرح پالنے لگا۔ 3 ہزار 200 برطانوی پاؤنڈ کے شیر کو الگ کمرہ، اے سی اور متعدد سہولتیں بھی دینے لگا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 33 سالہ ذولکیف چودھری ملتان میں رہتے ہیں، انہوں نے کچھ ماہ قبل شیر کا بچہ خریدا اور اسے اپنے گھر لے آیا۔ جہاں وہ اپنی مرضی کیساتھ پورے گھر میں آزادانہ سوتا اور گھومتا ہے۔ شیر کا وزن 76 کلو گرام کے قریب ہے جو روزانہ 7 کلو گوشت کھاتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 33 سالہ ذولکیف چودھری شیر کو دوستانہ ماحول دینے پر کافی خوش ہیں اور اس کی دیکھ بھال کے لیے کافی انتظامات کیے گئے ہیں، سونے کے لیے ڈبل میٹرس بیڈ اور کمرے میں اے سی بھی لگوایا ہوا ہے۔
ذولکیف چودھری کے مطابق یہ جانور نہیں میرے بیٹے کی طرح ہے، جب میں نے اسے خریدا تو اس وقت اس کی عمر صرف دو ماہ تھی، گزشتہ 6 ماہ سے یہ میرے ساتھ میرے گھر میں رہ رہا ہے۔ میرا دو سالہ بیٹا بھی اسکے ساتھ کھیل کر کافی خوش ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے اس چیز کا بھی ڈر نہیں کہ یہ ہم پر حملہ کر دے گا یہاں تک کہ میرا دو سال کا بیٹا بھی اس کے ساتھ کھیلتا ہے۔ میرے خاندان والے بھی اسے دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں اور روزانہ اسے ملنے کے لیے کمرے میں آتے ہیں۔ اس کی پرورش کے لیے میں نے کافی سنجیدہ اقدامات کیے ہیں، الگ کمرہ بھی ہے، جہاں اس کا اپنا بیڈ اور کمرے کو ٹھنڈا کرنے کے لیے اے سی بھی لگوایا ہوا ہے۔
ذولکیف چودھری کا کہنا ہے کہ میں نے متعلقہ حکام سے اجازت لیکر اسے اپنا گھر رکھا ہوا ہے، اس کا کمرہ ہر وقت بھرا رہتا ہے، جہاں میری فیملی والے اور متعدد دوست اکثر اوقات دیکھنے آتے ہیں اور ڈھیر ساری سیلفی بھی لیتے ہیں۔
متعدد بار لوگوں کے پوچھنے پر بھی انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ نہیں بتا سکتا کہ اسے کہاں سے خریدا۔ اس شیر کی قیمت 3 ہزار 200 پاؤنڈ (تقریباً 6 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔ یہ بہت تیز ہے، میں اس کے کھانے پر کافی محنت کرتا ہوں، خوراک میں مٹن، بیف اور کئی بار چکن کھلاتا ہوں۔ اس کے ماہانہ اخراجات 2400 برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 4 لاکھ 20 ہزارروپے) ہیں۔ میں اسے روزانہ صبح 5 سے 6 بجے سیر و تفریح بھی کراتا ہوں۔ یہ میرا بہت اچھا دوست ہے۔