جڑواں بچیوں کی پیدائش، آپریشن میں حصہ لینے والی بہنیں بھی جڑواں

Last Updated On 22 October,2019 08:47 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک خاتون کے ہاں دو جڑواں بچیوں کی پیدائش ہوئی ہے، حیران کن طور پر اس آپریشن میں حصہ لینے والی دو نرسیں بھی جڑواں بہنیں تھیں۔ ان بچیوں کی پیدائش امریکی ریاست جارجیا کے پائڈ ماؤنٹ ایتھنز ریجنل کے میڈیکل سنٹر میں پیدائش ہوئی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق جڑواں بچیوں کی ولادت پر نہ صرف والدین بے حد خوش ہیں بلکہ جڑواں نرسوں کی موجودگی کے باعث یہ لمحہ یادگار بن گیا ہے۔

بچیوں کے والد برینن ولیم کا کہنا ہے کہ وہ جڑواں بچیوں کی پیدائش سے قبل بیوی کی سرجری کی خبر پر بے حد نروس تھے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ یہ مشکل مرحلہ ہے لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ سرجیکل ٹیم میں دوایسی نرسیں شامل ہیں جو جڑواں بہنیں بھی ہیں تو یہ سن کر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

جڑواں بچیوں کا نام ایڈیسن اور ایما ولیمز رکھا گیا ہے۔ دونوں بچیوں کی زچگی کے دوران ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں 26سالہ دوجڑواں بہنیں ٹارا ہاورڈ اور ٹوری ڈرنکارڈ نرس کی ڈیوٹی انجام دے رہی تھیں۔ یہ دونوں بہنیں اپنی شفٹ میں کام کررہی تھیں جب حاملہ خاتون ربیکا ولیم کو ہسپتال کے لیبر روم میں لایا گیا۔

پیدائش کے فوری بعد نومولود بہنوں کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا۔ نرس ہاورڈ کا کہنا تھا کہ جانتی تھی کہ انہیں خاتون کی مدد کس طریقے سے کرنی ہے اور انہوں نے بچیوں کی والدہ ربیکا ولیمز کی حوصلہ افزائی کی لیکن یہ پتہ نہیں تھا کہ اسکی دوسری بہن ٹوری بھی اس مدد میں اس کے ساتھ شامل ہوگی کیونکہ اس وقت اس کی ڈیوٹی ہسپتال میں کہیں اور تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ہمیں کبھی ایسے خوشگوار اور ہمیشہ یاد رہنے والے تجربے سے گزرنا پڑے گا۔

ہاورڈ نے کہا کہ ہسپتال میں ہم دونوں بہنوں نے بہت کم ساتھ ساتھ ایک ہی یونٹ میں کام کیا ہے مگر اس کے لیے آپریشن تھیٹر میں ہمیں اکٹھے کام کرنے کا موقع فراہم کر کے اسے یادگار بنا دیا گیا ہے۔

جڑواں بچیوں کی پیدائش 3منٹ کے وقفے سے ہوئی جس کے لیے فوری نگہداشت کے لیے دو نرسوں کا موجود ہونا ضروری تھا لہذا میری دوسری بہن کویہ ذمہ داری سونپی گئی۔

نومولود کے والدین کا کہنا ہے کہ اب ان کا دونوں نرسوں سے بھی ایک رشتہ قائم ہو گیا ہے اور وہ بچیوں کی پرورش کے بارے میں ان سے پوچھتے رہتے ہیں۔ دونوں نرسیں ہماری دوست بن گئی ہیں اور ہماری بیٹیاں بھی بڑی ہو کر اس بار ے میں جان کر خوش ہوں گی۔

رپورٹ کے مطابق ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ 25 ستمبر کو پیدا ہونے والی ان دونوں بہنوں کو مکمل صحت مند حالت میں جمعہ کو ہسپتال سے فارض کیا گیا۔

ہسپتال سے روانگی کے وقت نوزائیدہ بچیوں کے والدین کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیٹیوں کی پرورش کے سلسلے میں ان جڑواں نرس بہنوں سے رابطہ کرتے رہیں گے۔

Advertisement