کرکٹ میچ کے دوران خطرناک سانپ گراؤنڈ میں گھس آیا

Last Updated On 09 December,2019 10:00 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں رنجی ٹرافی کے دوران ایک میچ میں خطرناک سانپ گراؤنڈ میں گھس آیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’گلف نیوز‘‘ کے مطابق رنجی ٹرافی کے دوران آندھرا اور ودھربا کے درمیان میچ کھیلا جا رہا تھا جسے اس وقت روک دیا گیا جب ایک خطرناک سانپ گراؤنڈ میں گھس آیا، یہ میچ ڈاکٹر گوکاراجو لیلی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔

ودھربا کے کپتان فیض فضل نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ جب کھلاڑی گراؤنڈ میں داخل ہوئے اور میچ شروع ہونے والا تھا اس دوران دیکھا گیا کہ ایک خطرناک سانپ گراؤنڈ میں گھس آیا جس کی وجہ سے میچ کو روک دیا گیا۔

بی سی سی آئی آفیشل حکام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی یہ ویڈیو 13 سکینڈ تھی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ میچ کے دوران کیسے سانپ گراؤنڈ میں گھس آیا جسے کھلاڑی دیکھ کر حیرت زدہ ہو گئے۔

اس دوران گراؤنڈ سٹاف کے اہلکار گراؤنڈ میں داخل ہوئے اور انہوں نے گراؤنڈ سے سانپ کو باہر نکالا جس کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا۔ یہ ویڈیو جیسے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر آئی تو یہ خبر وائرل ہو گئی۔
 

Advertisement