کرونا وائرس میں مبتلا معمر چینی جوڑے کی ہسپتال میں الوداعی ویڈیو وائرل

Last Updated On 03 February,2020 08:46 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں معمر جوڑے کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ معمر جوڑا کرونا وائرس بیماری کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہے اور ایک دوسرے کو حوصلہ دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چین سے پھیلنے والی بیماری کرونا وائرس کے باعث تقریباً چار سو کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 17 ہزار کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں، یہ بیماری چین سے پھیلتی ہوئی دنیا کے بیس سے زائد ممالک تک پہنچ چکی ہے، وہی پر چین نے اس بیماری کو روکنے کے لیے پوری طور پر متحرک ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’گلف نیوز‘‘ کے مطابق چین میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، یہ ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تقریباً اسی سال کی عمر کے دو معمر افراد کرونا وائرس کی بیماری میں مبتلا ہیں اور اپنے علاج کے لیے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ شادی شدہ جوڑے کا کیا مطلب ہوتا ہے؟ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے، دو معمر مریض جوڑے ، جنہیں کرونا وائرس ہے، جن کی عمر تقریباً اسی سال کے قریب ہے، ہسپتال میں ایک دوسرے کو آئی سی یو میں جانے سے قبل ایک دوسرے کو الوداع کہہ رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ یہ ملاقات اور سلام کرنے کا آخری وقت ہو؟

ویڈیو شیئر کرنے کے بعد ایک شخص نے ٹویٹر پر لکھا کہ بہت خوفناک مرحلہ ہے دو معمر جوڑے کو اس حالت میں دیکھنا، حالات بالکل کنٹرول سے باہر ہیں، ویڈیو شیئر کرنے کا شکریہ۔

ایک اور شہری نے ویڈیو کے نیچے کیپشن میں لکھا کہ یہ بہت ہی افسردہ ویڈیو ہے، اس ویڈیو میں محبوب سے وفاداری دکھائی جا رہی ہے۔ لیکن اس ویڈیو میں کہنے کے لیے بہت کچھ موجود ہے۔

ایک اور پوسٹ میں دیکھا جا سکتا ہے جہاں پر لکھا ہے کہ یہ ویڈیو دیکھ کر میرا دل ٹوٹ گیا ہے، لیکن میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ ویڈیو کون بنا رہا ہے، ویڈیو بنانے والا کیسے ویڈیو بنا سکتا ہے جب ایسا لگ رہا ہے خاتون پریشانی میں مبتلا ہے، اور مرد بھی مدد کی تلاش میں ہے۔